رسائی کے لنکس

امریکی رکن کانگریس کا دورہ پاکستان


بیان کے مطابق طارق فاطمی نے رکن کانگریس ایرک سالویل کو پاکستانی سرزمین سے القاعدہ، تحریک طالبان پاکستان اور حقانی نیٹ ورک سمیت دیگر دہشت گرد گروہوں کو اکھاڑ پھینکنے کے لیے کی جانے والی کوششوں سے آگاہ کیا۔

امریکی رکن کانگریس ایرک سالویل نے جمعرات کو اسلام آباد میں پاکستانی وزیراعظم نواز شریف کے معاون خصوصی برائے امور خارجہ طارق فاطمی سے ملاقات کی۔

وزارت خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ملاقات سے باہمی دلچسپی اور دوطرفہ تشویش کے معاملات پر ایک دوسرے کے نقطہ نظر پر تبادلے کا سودمند موقع ملا۔

بیان کے مطابق طارق فاطمی نے رکن کانگریس ایرک سالویل کو پاکستانی سرزمین سے القاعدہ، تحریک طالبان پاکستان اور حقانی نیٹ ورک سمیت دیگر دہشت گرد گروہوں کو اکھاڑ پھینکنے کے لیے کی جانے والی کوششوں سے آگاہ کیا۔

ملاقات میں 21 مئی کو بلوچستان میں امریکی ڈرون حملے میں افغان طالبان کے رہنما ملا منصور کی ہلاکت اور اس کے افغان مصالحتی عمل پر پڑنے والے اثرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

بیان کے مطابق رکن کانگریس ایرک سالویل نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس دورے سے اُنھیں مختلف اُمور بشمول افغانستان میں امن و استحکام کے بارے میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان قریبی تعاون کے بارے میں آگاہی ملی۔

طارق فاطمی نے رکن کانگریس سے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے پاکستان کی مخلصانہ کوششوں سے متعلق غلط فہمیوں کو دور کرنے کے لیے پاکستان اور امریکہ کے درمیان باقاعدہ پارلیمانی وفود کے تبادلے اہم ہیں۔

امریکہ کے رکن کانگریس یہ دورہ ایسے وقت کر رہے ہیں جب حال ہی میں پاکستانی عہدیداروں کی طرف سے یہ بیانات سامنے آئے کہ بلوچستان میں ڈورن حملے سے پاکستان اور امریکہ کے تعلقات پر منفی اثر پڑ سکتا ہے۔

امریکہ نے ڈرون کی مدد سے 21 مئی کو بلوچستان میں افغان طالبان کے رہنما کو ملا منصور کو نشانہ بنایا تھا۔

واضح رہے کہ بعض امریکی اراکین کانگریس کی طرف سے حالیہ ہفتوں میں ایسے بیانات بھی سامنے آئے، جن میں پاکستان سے یہ مطالبہ کیا گیا کہ وہ اپنی سرزمین پر دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں تیز کرے۔

پاکستان کا موقف ہے کہ ملک میں تمام دہشت گرد گروہوں کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی گئی۔ جمعرات کو بھی پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے فارمیشن کمانڈروں کے ایک اجلاس سے خطاب میں کہا کہ مسلح افواج کو دہشت گردوں کے خلاف نمایاں کامیابیاں ملی ہیں۔

XS
SM
MD
LG