رسائی کے لنکس

امریکی وزیرِ دفاع غیر اعلانیہ دورے پر کابل پہنچ گئے


جم میٹس بدھ کی صبح کابل پہنچے۔
جم میٹس بدھ کی صبح کابل پہنچے۔

جم میٹس جنوبی ایشیا سے متعلق ٹرمپ حکومت کی نئی پالیسی کے اعلان کے بعد خطے کے ممالک کے دورے پر ہیں

امریکہ کے وزیرِ دفاع جم میٹس غیر اعلانیہ دورے پر افغانستان پہنچے ہیں جو ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے افغان جنگ سے متعلق نئی حکمتِ عملی کے اعلان کے بعد ان کا اس ملک کا پہلا دورہ ہے۔

میٹس بدھ کی صبح نئی دہلی سے کابل پہنچے جہاں وہ امریکی حکام کے مطابق افغان صدر اشرف غنی اور افغانستان میں تعینات امریکی فوج کے اعلیٰ افسران سے ملاقاتوں کے علاوہ نیٹو کے سیکریٹری جنرل جینز اسٹالٹن برگ سے بھی ملیں گے۔

جم میٹس جنوبی ایشیا سے متعلق ٹرمپ حکومت کی نئی پالیسی کے اعلان کے بعد خطے کے ممالک کے دورے پر ہیں جس کے دوران وہ نئی پالیسی سے متعلق خطے میں امریکہ کے اتحادیوں کے تحفظات دور کرنے اور پالیسی پر عمل درآمد کے لیے اتحادیوں کے ساتھ مشترکہ حکمتِ عملی وضع کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے گزشتہ ماہ اعلان کی جانے والی نئی پالیسی میں افغانستان کی صورتِ حال میں بہتری کے لیے بھارت سمیت علاقائی ممالک کو زیادہ کردار دینے کی بات کی گئی ہے۔

نئی دہلی میں اپنے دو روزہ قیام کے دوران امریکی وزیرِ دفاع نے افغانستان میں بھارت کی "قابلِ قدر خدمات" کو سراہا تھا اور کہا تھا کہ امریکہ افغانستان میں جمہوریت، استحکام اور سلامتی کو بہتر بنانے کے لیے بھارت کی مزید کوششوں کا خیرمقدم کرے گا۔

اپنے امریکی ہم منصب کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بھارتی وزیرِ دفاع نرملا سیتھا رام نے یقین دلایا تھا کہ ان کا ملک افغانستان کے ساتھ تعاون بڑھائے گا لیکن انہوں نے بھارتی فوج افغانستان بھیجنے کا امکان مسترد کردیا تھا۔

نئی امریکی حکمتِ عملی میں افغانستان میں تعینات فوجیوں کی تعداد بڑھانے کی تجویز بھی شامل ہے۔ حال ہی میں امریکی وزیرِ دفاع نے مزید تین ہزار امریکی فوجی افغانستان بھیجنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد وہاں تعینات امریکی فوجیوں کی تعداد 14 ہزار سے بڑھ جائے گی۔

ٹرمپ انتظامیہ کی افغان جنگ سے متعلق نئی حکمتِ عملی میں طاقت کے زیادہ استعمال کی حمایت بھی کی گئی ہے۔

امریکی فوجی حکام کے مطابق امریکی فوج نے اگست 2017ء کے دوران افغان شدت پسندوں کے خلاف کارروائیوں کے دوران 503 بم گرائے جو 2012ء کے بعد سے کسی بھی ایک مہینے کے دوران برسائے جانے والے سب سے زیادہ بم ہیں۔

نئی پالیسی میں پاکستان پر دباؤ بڑھانے کی بات بھی کی گئی ہے جسے پاکستانی رہنما اور فوجی حکام مسترد کرچکے ہیں۔

جم میٹس بدھ کو پاکستان کی فضائی حدود سے گزر کر نئی دہلی سے کابل گئے لیکن پینٹاگون کے حکام کا کہنا ہے کہ میٹس کا پاکستان کا دورہ نہ کرنے کا مطلب یہ نہیں کہ واشنگٹن، اسلام آباد کو نظر انداز کر رہا ہے۔

XS
SM
MD
LG