رسائی کے لنکس

عراق: ایران کا امریکہ پر ڈرون حملے کا الزام


تکریت پر عراقی فوج کی بمباری کے بعد کا ایک منظر
تکریت پر عراقی فوج کی بمباری کے بعد کا ایک منظر

پاسدارانِ انقلاب کے بیان میں یہ وضاحت نہیں کی گئی کہ مبینہ امریکی حملے میں ہلاک ہونے والے دونوں اہلکار کس حیثیت میں عراق میں موجود تھے

ایران نے الزام عائد کیا ہے کہ عراق میں ایک امریکی ڈرون کے حملے میں اس کے دو فوجی مشیر ہلاک ہوگئے ہیں۔ لیکن امریکہ نے ایرانی اہلکاروں کی ہلاکت کے الزام کی تردید کی ہے۔

ایران کی فوج 'پاسدارانِ انقلاب' نے پیر کو اپنی ویب سائٹ پر جاری ایک بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ مذکورہ حملہ 23 مارچ کو تکریت کے نزدیک کیا گیا تھا۔

بیان کے مطابق ہلاک ہونے والے ایرانی فوجی مشیران کے نام علی یزدانی اور ہادی جعفری تھے جنہیں اتوار کو سپردِ خاک کردیا گیا ہے۔

بیان میں یہ نہیں بتایا گیا کہ یہ دونوں اہلکار کس حیثیت میں عراق میں موجود تھے اور آیا ایرانی حکومت نے ان کی ہلاکت کے بعد امریکہ یا عراق کی حکومتوں سے کوئی رابطہ کیا یا نہیں۔

ایران کے فوجی مشیران شام اور عراق میں موجود ہیں جہاں وہ عراقی حکومت کو داعش اور اپنے اتحادی شامی صدر بشار الاسد کی حکومت کو باغیوں کے خلاف فوجی کارروائیوں میں معاونت اور مشاورت فراہم کر رہے ہیں۔

داعش کے خلاف امریکہ کی سربراہی میں تشکیل پانے والے بین الاقوامی اتحاد نے 21 مارچ کو عراق کے شہر تکریت پر بمباری کا آغاز کیا تھا تاکہ شہر کا قبضہ داعش سے چھڑانے کی کوشش کرنے والی عراقی فوج کو فضائی مدد فراہم کی جاسکے۔

امریکی خبر رساں ادارے 'دی ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق امریکی حکام نے اپنے کسی ڈرون حملے میں ایرانی اہلکاروں کی ہلاکت سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔

بغداد میں قائم امریکی سفارت خانے کے ایک ترجمان نے خبر رساں ادارے کو بتایا ہے کہ بین الاقوامی اتحاد کی فضائی کارروائیوں کا ہدف صرف داعش ہے اور تمام فضائی حملے عراقی حکومت کی درخواست اور عراق کی وزارتِ دفاع کے تعاون سے کیے جارہے ہیں۔

امریکی فضائیہ نے بھی اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ 22 سے 24 فروری کے دوران بین الاقوامی اتحاد کے کسی ڈرون یا جنگی طیارے کی تکریت یا اس کے نواح میں ایسا کوئی فضائی حملہ ریکارڈ پر نہیں ہے۔

اس سے قبل جمعے کو عراقی ذرائع ابلاغ نے بھی تکریت یونیورسٹی کے قریب مبینہ امریکی فضائی حملوں میں کئی عراقی سکیورٹی اہلکاروں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا تھا۔

لیکن بغداد کے امریکی سفارت خانے نے ان دعووں کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ اتحادی فوج نے بیان کردہ اوقات اور علاقے میں کوئی فضائی کارروائی نہیں کی تھی۔

XS
SM
MD
LG