امریکہ نے سندھ کے محکمہ جیل کو 2 لاکھ ڈالر کے حفاظتی سامان کا تحفہ دیا ہے۔ اس میں جدید ترین مگر ہلکے پھلکے ہیلمٹ اور بلٹ پروف جیکٹس شامل ہیں۔
سامان امریکی محکمہ خارجہ کے انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لا انفورسمنٹ بیورو نے صوبے میں جیل کے حفاظتی عملے کو ان کی سیکورٹی فراہم کرنے کی غرض سے دیا ہے۔
اسے 250 سیکورٹی اہلکار استعمال کرسکیں گے۔ جیل کا سیکورٹی عملہ خاص کر وہ اہلکار جو جیل کے احاطے میں، داخلی دروازوں پر یا جیل کی عمارات کے باہر تعینات ہوتے ہیں دہشت گردوں کا آسان ہدف ہوسکتے ہیں۔
آئی این ایل بی کے جیل سیکورٹی کے مشیر ولیم زلمان کا کہنا ہے کہ ’جیل کی سیکورٹی پر مامور عملے کی خدمات فوجداری عدالتی نظام کا اہم ترین حصہ ہیں جو کراچی اور پاکستان بھر کے لیے بے لوث خدمات انجام دے رہے ہیں، ان کی مدد ہمارے لیے قابل فخر ہے۔‘
’’امریکی محکمہ خارجہ کے انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لا انفورسمنٹ بیورو نے سندھ پولیس کے ساتھ 2010 میں شراکت داری شروع کی تھی۔
انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لا انفورسمنٹ بیورو دنیا کے 90 سے زائد ممالک میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو جرائم اور کرپشن کے خاتمے، منشیات کی روک تھام اور پولیس کی صلاحیتیں بڑھانے میں مدد فراہم کرتا ہےجبکہ قانون کے نفاذ اور شفاف عدالتی نظام کے لیے کوششیں بھی اس کے فرائض میں شامل ہیں ۔