رسائی کے لنکس

امریکہ میں روزگار کی صورت حال میں بہتری


امریکہ میں روزگار کی صورت حال میں بہتری
امریکہ میں روزگار کی صورت حال میں بہتری

امریکی حکومت کی جانب سے جاری ہونے والی تازہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جنوری میں بے روزگاری الاؤنس حاصل کرنے والے افراد کی تعداد میں کمی آئی ہے۔ گذشتہ پانچ ماہ سے جاری یہ رجحان امریکہ میں روزگار کی بہتر ہوتی ہوئی صورت حال کی طرف اشارہ کرتا ہے۔

جمعرات کو جاری ہونے والی سرکاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ29 جنوری کو ختم ہونے والے ہفتے میں بے روزگاری الاونس وصول کرنے والے روزگار کے متلاشی افراد کی تعداد چار لاکھ15 ہزار تھی ، جوکہ اس سے پچھلے ہفتے کے مقابلے میں 42ہزار کم تھی۔

امریکہ کے بدترین مالی بحران کے دوران مارچ 2009ء میں بے روزگاری الاؤنس حاصل کرنے والے افراد کی تعداد چھ لاکھ51 ہزار کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی ۔

حالیہ ہفتے میں یہ تعداد سواچارلاکھ کے قریب ہے جو ملازمتوں کے مواقعوں میں اضافے سے مطابقت رکھتی ہے۔ لیکن ماہرین معاشیات کا کہناہے کہ روزگار کی صورت حال میں کسی نمایاں بہتری کے لیے یہ تعداد پونے چار لاکھ کے لگ بھگ ہونی چاہیے۔

اس وقت امریکہ میں بے روزگاری کی سطح 9.4 فی صد ہے اور تجزیہ کاروں کا کہناہے کہ وہ قدرے اضافے کے ساتھ 9.5 فی صد تک پہنچ سکتی ہے۔

اس وقت امریکہ میں بے روزگار افراد کی تعداد ڈیڑھ کروڑ کے لگ بھگ ہے۔

XS
SM
MD
LG