امریکہ میں استغاثہ نے سابق صدارتی امیدوار جان ایڈورڈز کے خلاف دھوکہ دہی کے مقدمے میں جیوری کا چناؤجلد مکمل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ایڈورڈز پر الزام ہےکہ اُنھوں نے 2008ء میں ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی نامزدگی کے حصول کی ناکام کوشش کےدوران اپنی ایک حاملہ داشتہ کےمعاملے کو چھپانے کی غرض سےانتخابی مہم کی رقوم میں سے تقریباً دس لاکھ ڈالر خرچ کیے تھے۔
ایڈورڈز پر دھوکہ دہی کے چھ الزامات پر مبنی فردِ جرم عائد کی گئی ہے جس کے تحت انھیں چھ سال قید کی سزا اور 15لاکھ ڈالر سے زائد کا جرمانہ ہوسکتا ہے۔
امکان ہے کہ مقدمے کی سماعت چھ ہفتوں تک جاری رہے گی، جب کہ شہادتیں 23اپریل سےریکارڈ کی جائیں گی۔
وکلائے استغاثہ کا کہنا ہے کہ ڈیموکریٹ امیدوار کا انتخابی مہم کی وِڈیو فوٹوگرافر رائیل ہنٹر کے ساتھ معاشقہ چل رہا تھا، اور انھوں نے اسے صیغہ راز میں رکھنے کی خاطر اپنی انتخابی مہم کے منیجرکو یہ رقم دی۔
ایڈورڈز ابتدائی مرحلے میں اس معاشقے کی تردید کرتے رہے اور انھوں نے انتخابی مہم کے اپنے ایک ساتھی سے بچے کی ولدیت کا جھوٹا دعویٰ کرنے کی درخواست بھی کی تھی۔