سات امریکی ریاستوں میں الیکشن میں نامزدگی کے لیے اہم پرائمری انتخابات منگل کو ہورہے ہیں، جس کے نتیجے میں ری پبلیکن پارٹی کے کئی سیاست دان ٹی پارٹی نامی قدامت پسند سرگرم کارکنوں کے ہاتھوں اپنی نشستیں کھو سکتے ہیں۔
ان میں ایک اہم ترین مقابلہ ڈیلاوائر میں متوقع ہے جہاں امریکی نمائندے مائک کیسل سینیٹ کی نشست پر ری پبلکین پارٹی کی نامزدگی حاصل کرنے کے لیے ٹی پارٹی کی حمایت یافتہ کرسٹین اوڈونل کا سامنا کررہے ہیں۔ امریکی نائب صدر جو بائیڈن اس نشست پر علاقے کی نمائندگی کرچکے ہیں۔
اوڈونل کی انتخابی مہم میں تیزی حالیہ دنوں میں الاسکا کی ری پبلکین سینیٹر لیزامرکووسکی کی جانب سے اپنی ریاست کے پرائمری انتخاب میں جو ملر کی جانب سے اپ سیٹ کے بعد آئی ہے ، جنہیں ٹی پارٹی کی حمایت بھی حاصل تھی۔
ملر کی طرح او ڈونل کو الاسکا کی سابق گورنر اور 2008ء میں ری پبلکین کی جانب سے نائب صدارت کی امیدوار سارا پیلین کی حمایت حاصل ہے۔
نیوہیمپشائر اور نیویارک کی ریاستوں میں اہم ری پبلیکن امیدواروں کو بھی پرائمریز میں قدامت پسندوں کی جانب سے سخت چیلنج کا سامنا ہے۔
ٹی پارٹی کے حمایت یافتہ امیدوار کولوریڈو، کنیٹی کٹ ، کنٹکی ، نواڈا اور یوٹاہ میں اپ سیٹ کرکے ان معروف ری پبلیکن امیدواروں کو شکست دے چکے ہیں، جنہیں ماضی میں اپنے حلقوں میں بہت حمایت حاصل تھی۔