رسائی کے لنکس

اسلحے پر پابندی کے مجوزہ ضابطے، قانون ساز متحرک


اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے، ڈیموکریٹ پارٹی کے قائدین نے اس سلسلے میں ضابطوں کے نقص کو دور کرنے کی ضرورت پر زور دیا جس کے باعث بغیر ’بیک گراؤنڈ چیک‘ کیے خریدار انٹرنیٹ اور اسلحے کی نمائشوں کے دوران اسلحہ خریدتے ہیں

گذشتہ ہفتے اوریگن کمیونٹی کالج میں ہونے والے مہلک شوٹنگ کے واقعے کے بعد، سینیٹ میں ڈیموکریٹ پارٹی سے تعلق رکھنے والے ارکان پُرتشدد واقعات میں اسلحے کے استعمال کے انسداد کے لیے قانون سازی کی تیاری کررہے ہیں۔

جمعرات کے روز ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے، ڈیموکریٹ پارٹی کے قائدین نے اس سلسلے میں ضابطوں کے نقص کو دور کرنے کی ضرورت پر زور دیا جس کے باعث بغیر ’بیک گراؤنڈ چیک‘ کیے خریدار انٹرنیٹ اور اسلحے کی نمائشوں کے دوران اسلحہ خریدتے ہیں۔

ڈیموکریٹک پارٹی کے سینیٹر، رچرڈ بلومینتھل کے بقول، ’فوت ہونے والے اور اُن کے اہل خانہ کو کانگریس سے توقعات ہیں جنھیں جھڑک دینے سے کام نہیں چلے گا۔ یہ نہیں ہونا چاہیئے کہ اگلے کسی المناک واقع کا مزید انتظار کیا جائے۔ اُن کے بقول، ’وہ اقدام کے متمنی ہیں‘۔

اِن تجاویز میں بیک گراؤنڈ کی چھان بین کے موجودہ نظام میں خاطر خواہ بہتری پر زور دیا گیا ہے، تاکہ اُن حضرات کو اسلحے تک رسائی نہ ہو جنھیں اسلحہ رکھنے کی اجازت نہیں اور گھریلو زیادتی کے مجرموں کو اسلحے کی فروخت کی ممانعت ہے۔
ورجینیا کی ریاست سے تعلق رکھنے والے ڈیموکریٹک پارٹی کے سینیٹر، ٹِم کین کے بقول، ’بیک گراؤنڈ چیک جتنا بہتر ہوگا، اتنے ہی لوگ محفوظ رہیں گے‘۔

اُنھوں نے کہا کہ اُن جیسے اسلحہ رکھنے والوں کی اکثریت، بیک گراؤنڈ چیک کے حامی ہیں۔

ڈیموکریٹ پارٹی کے ارکان نے دوسرے کے نام پر اسلحہ خریدنے کی کوشش کو غلط قرار دیتے ہوئے، اِس پر قانونی پابندی پر سختی سے عمل درآمد پر زور دیا۔ اُنھوں نے اسلحے کی اسمگلنگ کے خلاف لاگو قوانین کے بہتر نفاذ پر بھی زور دیا۔

نیویارک سے ڈیموکریٹ پارٹی کے سینیٹر، چَک شومر کے بقول، ’ہم نے اُن اصولوں کا انتخاب کیا ہے جو مؤثر ہیں، جن کی بدولت ہزاروں زندگیاں سلامت رہیں گی۔ تاہم، اِن کے باعث، اسلحہ رکھنے والے معقول حضرات کے حق پر کوئی ڈاکہ نہ پڑے‘۔

گذشتہ ہفتے اوریگن کے شہر روزبرگ میں امپکوا کمیونٹی کالج میں ہونے والے شوٹنگ کے واقع میں 10 افراد ہلاک ہوئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ پولیس کے ہاتھوں زخمی ہونے کے بعد حملہ آور، کرسٹوفر ہارپر مرسر اپنے آپ کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔

XS
SM
MD
LG