رسائی کے لنکس

امریکہ : تین برسوں میں ایچ آئی وی کے نئے کیسز میں کمی کا منصوبہ


صحت کے نائب وزیر ہاورڈ کوہ نے کانفرنس کے مندوبین کو بتایا کہ امریکہ کے مرتب کردہ پروگرام ایڈز کے پھیلاؤ کو روکنے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں

امریکہ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ 2015ء تک آیچ آئی وی کے نئے مریضوں کی تعداد 25 فی صد تک کم کردی جائے گی۔

صحت سے متعلق ایک اعلیٰ امریکی عہدے دار بین الاقوامی ایڈز کانفرنس کو بتایا کہ ان کی حکومت ملک میں ایڈز کی روک تھام کی جس حکمت عملی پر کام کررہی ہے ، دوسرے ممالک کو بھی ایسے ہی پروگرام ترتیب دینے چاہیں۔

صحت کے نائب وزیر ہاورڈ کوہ نے کانفرنس کے مندوبین کو بتایا کہ امریکہ کے مرتب کردہ پروگرام ایڈز کے پھیلاؤ کو روکنے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس مرض پرقابو پانے کے لیے منفرد طبی طریقہ کار اور ٹیکنالوجی کو استعمال میں لایا جارہاہے تاکہ ایڈز اور ایچ آئی وی سے بچاؤ کے پروگرام کو مؤثر طور پر آگے بڑھایا جاسکے۔

انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ امریکہ اگلے تین برسوں میں ایڈز کے نئے مریضوں کی تعداد میں 25 فی صد کمی کا اپنا ہدف حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائے گا۔اس مقصد کے حصول کے لیے ان افراد کو جن میں ایچ آئی وی کی تشخیص ہوچکی ہے ، ایڈز میں مبتلا ہونے سے بچانے کے اقدامات کیے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ امریکہ میں ہر پانچ میں سے ایک شخص کو یہ علم نہیں ہے کہ آیا اس کا ایچ آئی وی منفی ہے یا مثبت۔

نائب وزیر صحت نے کہا کہ دارالحکومت واشنگٹن میں موٹر وہیکل ڈیپارٹمنٹ کے اشتراک سے ایک پروگرام شروع کیا جارہاہے جس کے تحت ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لیے آنے والے افراد اپنی باری کے انتظار کے دوران اپنا ایچ آئی وی ٹیسٹ مفت کروا سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ میں تقریباً 11 لاکھ افراد ایڈز کے ساتھ زندگی گذار رہے ہیں جب کہ ہر سال ان میں 50 ہزار نئے مریضوں کا اضافہ ہورہاہے۔

انہوں نے بتایا کہ امریکہ میں اس موذی مرض سے متاثزہ افراد زیادہ تر وہ افریقی امریکہ اور لاطینی باشندے ہیں جو یا تو ہم جنس پرست ہیں، یا جنسی طورپر غیر محتاط ہیں یا پھر منشیات کا استعمال کرتے ہیں۔

واشنگٹن میں ہونے والی بین الاقوامی ایڈز کانفرنس جمعے تک جاری رہے گی اور اس میں دنیا بھر سے 23000 سے زیادہ ماہرین، سرگرم کارکن اور دیگرافراد شریک ہیں۔
XS
SM
MD
LG