رسائی کے لنکس

ٹرمپ کی ریلی پر حملہ سیکیورٹی کی ناکامی تھی:  ہوم لینڈ سیکیورٹی چیف


امریکی ہوم لینڈ سیکیورٹی کے سربراہ الحاندرو میئرکاس وائٹ ہاؤس میں ٹرمپ کی رہلی پر فائرنگ کے واقعہ پر بریفنگ دے رہے ہیں۔ 15 جولائی 2024
امریکی ہوم لینڈ سیکیورٹی کے سربراہ الحاندرو میئرکاس وائٹ ہاؤس میں ٹرمپ کی رہلی پر فائرنگ کے واقعہ پر بریفنگ دے رہے ہیں۔ 15 جولائی 2024
  • امریکہ میں قومی سیکیورٹی کے ادارے ہوم لینڈ سیکیورٹی کے سربراہ نے ٹرمپ کی ریلی میں فائرنگ کو سیکیورٹی کی ناکامی قرار دیا ہے۔
  • ہوم لینڈ سیکیورٹی چیف نے کہا ہے کہ اس واقعہ کا غیر جانبدار تجزیہ کرایا جائے گا۔
  • ہفتے کے روز پنسلوینیا کے قصبے بٹلر میں ٹرمپ کی ریلی میں ایک قریبی عمارت کی چھت سے ایک نوجوان نے آٹھ گولیاں فائر کی تھیں۔
  • ایک گولی سے ٹرمپ کا کان زخمی ہوا تھا۔ جب کہ جلسہ گاہ میں موجود ایک شخص ہلاک اور دو زخمی ہوئے۔
  • ہوم لینڈ سیکیورٹی کے سربراہ نے کہا ہے کہ یہ یقینی بنایا جائے گا کہ ایسا واقعہ دوبارہ نہ ہو۔

ویب ڈیسک۔۔۔۔امریکہ کی ہوم لینڈ سیکیورٹی کے سربراہ نے پیر کو کہا ہے کہ گزشتہ ہفتے کے آخر میں سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایک سیاسی ریلی میں قتل کی کوشش سیکیورٹی کی ’ناکامی‘ تھی اور ایسا واقعہ دوبارہ ہونے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

ہوم لینڈ سیکیورٹی کے سربراہ الحاندرو میئرکاس نے نیوز چینل سی این این سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’جب میں یہ کہتا ہوں کہ اس طرح کی چیز نہیں ہو سکتی، تو ہم ناکامی کی بات کر رہے ہوتے ہیں‘۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ہم ایک غیرجانبدارجائزے کے ذریعے تجزیہ کرنے جا رہے ہیں کہ یہ کیسے ہوا، کیوں ہوا، اور یہ یقینی بنانے کے لیے سفارشات اور نتائج مرتب کریں گے کہ ایسا واقعہ دوبارہ نہ ہو‘۔

اے بی سی نیوز کے ساتھ ایک اور انٹرویو میں میئرکاس نے کہا کہ،’ ایک بندوق بردار کے لیے، جس کی شناخت 20 سالہ تھامس میتھیو کروکس کے نام سے ہوئی ہے، ممکن نہیں تھا کہ وہ ٹرمپ پر ایک طاقت ور اسلحے سے آٹھ گولیاں فائر کرتا جیسا کہ اس نے قریب واقع ایک کمرشیل عمارت کی چھت سے کیا تھا‘۔

پنسلوینیا کے ایک چھوٹے قصبے بٹلر میں ہفتے کی شام سابق صدر جلسہ گاہ کے جس اسٹیج پر تقریر کر رہے تھے، وہ مسلح شخص سے تقریباً 150 میٹر کے فاصلے پر تھا۔

میئرکاس کا کہنا تھا کہ ’سابق صدر کو اس طرح براہ راست دکھائی نہیں دیا جانا چاہیے ‘۔

سیکرٹ سروس کے اہل کاروں نے جب ٹرمپ کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے اپنے حصار میں لیا تو ایک گولی ان کے دائیں کان کو لگ چکی تھی اور خون بہہ کر ان کے چہرے پر آ رہا تھا۔ فائرنگ سے جلسہ گاہ میں موجود ایک شخص ہلاک ہو گیا، جب کہ دو شدید زخمی ہوئے جو اسپتال میں داخل ہیں۔ سیکرٹ سروس کے ایک نشانہ باز نے حملہ آور کروکس کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔

 ٹرمپ انتخابی ریلی میں زخمی ہو گئے
please wait

No media source currently available

0:00 0:01:53 0:00

ٹرمپ اس حملے میں شدید زخمی نہیں ہوئے، لیکن انہیں آسانی سے ہلاک کیا جا سکتا تھا۔

پیر کی شام وسکانسن کے شہر ملواکی میں ہونے والے ریپبلکن نیشنل کنونشن میں ٹرمپ کو باضابطہ طور ریپبلکن پارٹی کی جانب سے صدراتی امیدوار کے طور پر پیش کر دیا گیا ہے جہاں ان کی نامزدگی کی باضابطہ منظوری دی جائے گی جس کے بعد وہ 5 نومبر کو صدارتی انتخابات میں ڈیموکریٹ پارٹی کے برسراقتدار صدر جو بائیڈن کا مقابلہ کریں گے۔

سیکرٹ سروس کے سربراہ میئرکاس کا کہنا تھا کہ ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ سیاسی جلسے میں سیکیورٹی کی ناکامی کے جائزے کی قیادت حکومت سے باہر کی کونسی تنظیم کرے گی، تاہم یہ جائزہ بہت جلد ہو گا۔

سیکرٹ سروس موجودہ اور سابق صدور کو سیکیورٹی فراہم کرنے والی اہم ایجنسی ہے اور وہ امریکہ کے قومی سلامتی کےمحکمے ہوم لینڈ سیکیورٹی کا حصہ ہے۔ اس ایجنسی کی قیادت میئرکاس کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تحقیقات کے نتائج اور سفارشات کو منظر عام پر لایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی ایک اہم معاملہ ہے جس کے لیے ہمیں تیزی سے آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔

وی او اے نیوز کی رپورٹ۔

فورم

XS
SM
MD
LG