رسائی کے لنکس

ایران کے خلاف نئی امریکی پابندیاں عائد


فائل
فائل

اوباما انتظامیہ نے گزشتہ ماہ میزائل تجربے کے جواب میں ایران کے خلاف نئی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔

امریکہ نے بیلسٹک میزائل پروگرام کی پاداش میں ایران پر نئی پابندیاں عائد کردی ہیں۔

نئی پابندیاں پانچ ایرانی شہریوں اور متحدہ عرب امارات اور چین میں رجسٹرڈ چھ کمپنیوں پر عائد کی گئی ہیں جو امریکی حکام کے مطابق ایران کے بیلسٹک میزائل پروگرام میں معاونت فراہم کرنے میں ملوث ہیں۔

خیال رہے کہ ایران نے گزشتہ سال اکتوبر میں نیوکلیئر وار ہیڈ لے جانے کی صلاحیت کے حامل بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا تھا جسے امریکہ اور اس کے اتحادیوں نے ایران پر عائد اقوامِ متحدہ کی پابندیوں کی خلاف ورزی قرار دیا تھا۔

اوباما انتظامیہ نے گزشتہ ماہ میزائل تجربے کے جواب میں ایران کے خلاف نئی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن امریکی حکام کے مطابق ایران میں قید امریکی شہریوں کی رہائی کے لیے جاری مذاکرات کے باعث ان پابندیوں کا اعلان موخر کردیا گیا تھا۔

امریکی حکام نے خبر رساں اداروں کو بتایا تھا کہ ایران کے بیلسٹک میزائل پروگرام سے متعلق ان پابندیوں کا اعلان 30 دسمبر کو ہونا تھا لیکن ایرانی وزیرِ خارجہ جواد ظریف نے اعلان سے ایک روز قبل خود اپنے امریکی ہم منصب جان کیری کو متنبہ کیا تھا کہ اگر امریکہ نے ان پابندیوں کا اعلان کیا تو دونوں ملکوں کے درمیان قیدیوں کا مجوزہ تبادلہ خطرے میں پڑسکتا ہے۔

ہفتے کو جوہری توانائی کے بین الاقوامی ادارے (آئی اے ای اے) کی جانب سے اس تصدیق کے بعد کہ ایران جوہری معاہدے پر عمل درآمد کر رہا ہے، امریکہ اور یورپی یونین نے ایران پر عائد بیشتر اقتصادی پابندیاں اٹھانے کا اعلان کیا تھا جس کے ساتھ ہی امریکہ اور ایران نے قیدیوں کی رہائی کی تصدیق کی تھی۔

امریکی حکام کے مطابق ایرانی حکومت نے اپنی قید میں موجود پانچ امریکی شہریوں کو رہا کردیا ہے جن میں سے تین ایران سے امریکہ کے لیے روانہ ہوگئے ہیں۔

قیدیوں کے تہران سے روانہ ہونے کے چند گھنٹے بعد ہی اتوار کو امریکی محکمۂ خزانہ نے ایرانی بیلسٹک میزائل پروگرام سے منسلک 11 شخصیات اور کمپنیوں کے خلاف نئی پابندیوں کا اعلان کیا۔

محکمۂ خزانہ کی جانب سے اتوار کو جاری کیے جانے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران کا بیلسٹک میزائل پروگرام خطے اور دنیا کی سلامتی کے لیے ایک بڑا خطرہ ہے جس پر عالمی پابندیاں جاری رہیں گی۔

امریکہ کے وزیرِ خزانہ ایڈم سزوبن نے کہا ہے کہ ایران پر عائد کی جانے والی نئی پابندیاں امریکی حکومت کے اس عزم کا اظہار ہیں کہ اگر ایران نے جوہری معاہدے سے روگردانی کی تو اسے اس کی سزا ملے گی۔

XS
SM
MD
LG