رسائی کے لنکس

امریکہ بھر میں 234 ویں سالگرہ کی تقریبات


امریکہ کے طول و عرض میں امریکی شہری اپنے ملک کی234ویں سالگرہ خصوصی پریڈوں، آتش بازی کے مظاہروں، باربی کیو پارٹیوں اور دیگر تقریبات میں شرکت کرکے منا رہے ہیں۔

آج امریکہ بھر میں عام تعطیل ہے۔ یہ دن 1776ء کے اس دن کی یاد میں منایا جاتا ہے جب امریکہ کی 13 برطانوی نوآبادیوں نے برطانیہ کے خلاف ایک جنگ کے دوران اپنی آزادی کا اعلان کیاتھا۔

دارالحکومت واشنگٹن میں اس موقع پر ہونے والی تقریبات ، اور یوم آزادی کی پریڈ دیکھنے کے لیے ہزاروں لوگوں کی آمد کاسلسلہ جاری ہے۔ آج کے دن واشنگٹن میں ہونے والی دوسری تقریبات میں ایک ایسا شو بھی شامل ہیں جس میں اداکاراپنی اداکاری کے ذریعے ان لمحات کو ایک بار پھر سے تازہ کریں گے جب ملک کے بانیوں نے آزادی کا اعلان کیاتھا۔

واشنگٹن سے چند کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ملک کے پہلے صدر جارج واشنگٹن کی رہائش گاہ پر ایک خصوصی تقریب میں ان کے مقبرے پر پھولوں کی چادر چڑھائی جائے گی اور اس تقریباً ایک سو نئے امریکیوں کو شہریت دی جائے گی۔

اتوار کی رات ٹیلی ویژن پر موسیقی کی محافل منعقد ہوں اور نیشنل مال پر آتش بازی کا مظاہرہ کیا جائے گا۔ اسی طرح کی تقریبات ملک بھر کے دوسرے شہروں میں بھی ہورہی ہیں۔

صدر براک اوباما نے یوم آزادی پر اپنے ایک پیغام میں ملک کے بانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جرآت، عزم مصمم اور ہمت و حوصلہ اس ملک کی بنیاد ہے۔

صدر نے امریکی افواج کے ان مردو خواتین کو بھی سراہاجو دنیا بھر میں اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں ، یا جو اپنے فرائض کی بجاآوری کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرچکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG