رسائی کے لنکس

پاکستان کے ساتھ تعلقات بہت اہم ہیں: امریکہ


جان کربی (فائل فوٹو)
جان کربی (فائل فوٹو)

محکمہ خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ امریکہ کے تعلقات اہم اور ضروری ہیں اور امریکہ اس کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے

امریکہ نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ اس کے تعلقات بہت اہم ہیں اور خطے میں مشترکہ مفادات کے لیے وہ اس کے ساتھ مل کر کام جاری رکھے گا۔

جمعہ کو واشنگٹن میں معمول کی نیوز بریفنگ کے دوران پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں محکمہ خارجہ کے ترجمان جان کربی نے کہا کہ " یہ (تعلقات) بعض اوقات پیچیدہ ہو جاتے ہیں، لیکن یہ اہم ہیں کیونکہ خطے میں ہمارے خطرات، تحفظات اور مفادات مشترک ہیں اور ہم اس بارے میں مل کر کام جاری رکھیں گے۔"

جمعرات کو پاکستان کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے سینیٹ میں بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ امریکہ کے ساتھ ان کے ملک کے تعلقات میں حالیہ مہینوں میں تناؤ دیکھا گیا ہے اور اس میں بہتری کے عمل کو دھچکا لگا ہے۔

انھوں نے اس ضمن میں حال ہی میں امریکی کانگریس کی طرف سے پاکستان کو ایف سولہ لڑاکا طیاروں کی خریداری کے لیے فنڈز روکے جانے کا ذکر کیا۔

سرتاج عزیز کے اس بیان کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر جان کربی نے کہا کہ انھوں نے یہ بیان نہیں دیکھا لہذا وہ اس پر تبصرہ نہیں کریں گے۔

تاہم ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ امریکہ کے تعلقات اہم اور ضروری ہیں اور امریکہ اس کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے۔

دونوں ملکوں کے تعلقات ماضی میں بھی اتار چڑھاؤ کا شکار رہے ہیں۔ لیکن حالیہ برسوں میں ان میں خاصی بہتری دیکھی گئی تھی۔ تاہم پاکستان کو آٹھ ایف سولہ لڑاکا طیاروں کے لیے کروڑوں ڈالر کا زراعانت فراہم کرنے سے انکار کرتے ہوئے واشنگٹن نے اسلام آباد کو آگاہ کیا تھا کہ اب تمام رقم پاکستان کو ہی ادا کرنا ہوگی۔

پاکستان میں قانون ساز اور مبصرین دونوں ملکوں کے تعلقات کو اہم تو قرار دیتے ہیں لیکن ان کے بقول تعلقات میں دونوں ملکوں کے مفادات کا خیال رکھا جانا ضروری ہے نہ کہ شرائط کو مقدم رکھا جائے۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے رکن اعجاز الحق نے ہفتہ کو وائس آف امریکہ سے گفتگو میں کہا کہ امریکہ کے اس خطے میں مفادات ہیں اور اس تناظر میں پاکستان کے ساتھ اس کے تعلقات کی اہمیت اور زیادہ بڑھ جاتی ہے۔

سینیئر تجزیہ کار اور بین الاقوامی امور کی ماہر ڈاکٹر طلعت وزارت کہتی ہیں کہ ملکوں کے درمیان تعلقات دوستی کی بنیاد پر بہتر ہونے چاہیں۔

پاکستان کا کہنا ہے کہ وہ بھی امریکہ کے ساتھ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے اور ایف سولہ لڑاکا طیاروں کی خریداری کے معاملے پر اس کی اوباما انتظامایہ سے بات چیت ہوتی آرہی ہے جب کہ جلد ہی ایک دفاعی وفد امریکہ کا دورہ کرنے جا رہا ہے۔

XS
SM
MD
LG