رسائی کے لنکس

سمندری طوفان کترینہ کے پانچ سال مکمل


سمندری طوفان کترینہ کے پانچ سال مکمل
سمندری طوفان کترینہ کے پانچ سال مکمل

امریکہ میں آنے والے تباہ کن سمندری طوفان” ہری کین کترینہ“ کو پانچ سال مکمل ہونے پر اتوار کو صدر باراک اوباما ریاست لوئیزیانہ کے شہر نیو اورلینز جائیں گے جس کا زیادہ تر حصہ سیلاب میں ڈوب گیا تھا۔

29 اگست 2005 ء کو اس طوفانی سیلاب نے 18سو افراد کو ہلاک اور دس لاکھ سے زائد کو بے گھر ہونے پر مجبور کر دیا تھا۔

اس آفت نے زیادہ تباہی لوئیزیانہ اور مسسپی ریاستوں میں مچائی ۔ حفاظتی بندوں کے ٹوٹنے اور اُن میں شگاف پڑنے سے نیو اورلینز شہر کا اسی فیصد علاقہ پانی میں ڈوب گیا تھا۔

شہر میں بسنے والو ں کی ایک بڑی تعداد نے کئی روز تک اپنے گھروں کی چھتوں پر پناہ لیے رکھی۔جب کہ ہزاروں دوسرے افراد نے سیلابی پانی سے بچنے کے لیے نیو اورلینز میں کھیلوں کے لیے بنائے گئے ایک بڑے ہال میں عارضی پناہ لی تھی جہاں کئی روز تک انھیں خوراک اور پانی کی قلت کا سامنا رہا۔

کترینہ سے متاثر ہونے والے امریکی علاقوں میں زیادہ تر تعمیر ِنو کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ لیکن نیو اورلینز کے بعض علاقوں میں سمندری طوفان کا خوف اب بھی برقرار ہے اور 2005 ء میں یہا ں سے چلے جانے والے کئی افراد آج تک واپس نہیں آئے ہیں۔

سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لیے حکومت کے سست اور غیر منظم رد عمل پر اُس وقت امریکہ کے صدر جارج ڈبلیو بش اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے وفاقی ادارے کے سربراہ مائیکل براؤن کو کڑی تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

سرکاری اندازوں کے مطابق” ہری کین کترینہ“ سے امریکی معیشت کو 125 ارب ڈالر کے نقصانات ہو ئے تھے جو ملک کی تاریخ میں آنے والے کسی بھی دوسر ے طوفان سے ہونے والے نقصانات کے مقابلے میں سب سے زیادہ تھے۔

XS
SM
MD
LG