رسائی کے لنکس

امریکہ اورکرغزستان کے صدور کی جمعہ کو نیو یارک میں ملاقات طے


کرغزستان میں رواں سال کے وسط میں ہونے والے نسلی فسادات میں بیسیوں افراد ہلاک ہوگئے تھے
کرغزستان میں رواں سال کے وسط میں ہونے والے نسلی فسادات میں بیسیوں افراد ہلاک ہوگئے تھے

امریکی صدر براک اوباما کرغز ستان کی سربراہ مملکت روزا اوٹن بایوا (Roza Otunbayeva) سے جمعہ کو نیو یارک میں ملاقات کر رہے ہیں۔ دونوں رہنماء اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے نیو یارک میں موجود ہیں لیکن ان کے درمیان ملاقات خصوصی طور پر طے کی گئی ہے۔

ایک اعلیٰ امریکی سفارت کار رابرٹ بلیک (Robert Blake) نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ مسٹر اوباما کرغز صدرسے مل کر کرغز عوام اورحکومت کو امریکی تعاون کی یقین دہانی کرانا چاہتے ہیں۔

کرغزستان میں رواں برس نسلی فسادات میں بیسیوں افراد ہلاک ہو گئے تھے جب کہ 10 اکتوبر کو ملک میں پارلیمانی انتخابات ہونے جا رہے ہیں اور امریکہ نے انتخابی عمل میں معاونت کے لیے کرغزستان کو پچاس لاکھ ڈالر بھی فراہم کیے ہیں۔

بلیک نے بتایا ہے کہ صدر اوٹن بایوا سے ملاقات کا مقصد یہ باور کرانا ہے کہ اس وقت کرغز عوام کے پاس وسطی ایشیا میں پہلی پارلیمانی جمہوریت قائم کرنے کا موقع ہے۔

مس اوٹن بایوا، جو ماضی میں امریکہ میں سفیر رہ چکی ہیں، چھ ماہ قبل عبوری صدر کی حیثیت سے اقتدار میں آئی تھیں۔ ان سے پہلے ملک میں فسادات کے دوران سابق صدرکرمان باقیوف کا تختہ الٹ دیا گیا تھا۔

معاون وزیر خارجہ بلیک کا کہنا ہے کہ امریکہ اور روس کرغزستان کو سیاسی ہنگامہ آرائی اور بے یقینی کی صورتحال سے نکالنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ امریکہ کرغزستان کے جنوبی حصے میں جون میں ہوئے فسادات کی اندرون ملک اور بین الاقوامی تحقیقات کے حق میں ہے۔ ساتھ ہی واشنگٹن اس شورش کے دوران بے گھر ہونے والے افراد کو موسم سرما سے قبل محفوظ ٹھکانوں کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے بھی کرغز حکومت کی مدد کر رہا ہے۔

XS
SM
MD
LG