رسائی کے لنکس

امریکی بحریہ کے اہلکار کی فوجی اڈے میں فائرنگ، تین افراد ہلاک


حکام نے واقعے میں ہلاک ہونے والوں اور امریکی بحریہ کے اہلکار کی شناخت ظاہر نہیں کی ہے۔ (فائل فوٹو)
حکام نے واقعے میں ہلاک ہونے والوں اور امریکی بحریہ کے اہلکار کی شناخت ظاہر نہیں کی ہے۔ (فائل فوٹو)

امریکی بحریہ کے ایک اہلکار نے ریاست ہوائی کے تاریخی فوجی اڈے 'پرل ہاربر' میں فائرنگ کر کے دو افراد کو ہلاک کر دیا ہے۔ بعد ازاں بندوق بردار شخص نے خود کو بھی گولی مار لی۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق فائرنگ کا واقعہ بدھ کی شب اُس وقت پیش آیا جب امریکی نیوی کی وردی میں ملبوس شخص نے پرل ہاربر میں اچانک فائرنگ شروع کر دی۔

فوجی حکام کے مطابق بندوق بردار شخص نے لوگوں پر فائرنگ کے بعد خود کو بھی گولی مار کر ہلاک کر لیا۔ واقعے میں تین افراد ہلاک اور ایک زخمی ہوا ہے۔

البتہ حکام نے واقعے میں ہلاک ہونے والوں اور امریکی بحریہ کے اہلکار کی شناخت ظاہر نہیں کی ہے۔

ریجنل کمانڈر ایڈمرل رابرٹ چیڈوک نے دو سویلین کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حملہ آور امریکی بحریہ کا اہلکار ہے جو اپنی ہی فائرنگ سے خود بھی ہلاک ہو گیا ہے۔

اس سے قبل پرل ہاربر کے حکام نے ٹوئٹر پر کہا تھا کہ ہلاک ہونے والے تینوں افراد سویلین اور امریکی محکمۂ دفاع کے ملازم تھے۔

فوجی حکام نے نیوز بریفنگ کے دوران بتایا کہ زخمی ہونے والا شخص اسپتال میں زیرِ علاج ہے اور اس کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔

دوسری جانب ہوائی کے گورنر ڈیوڈ آئج نے ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ دکھ کی اس گھڑی میں ہوائی کے لوگوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعے پر ہمارے دل دکھی ہیں اور ہمیں ان لوگوں کا احساس بھی ہے جو فائرنگ سے متاثر ہوئے ہیں۔

گورنر نے کہا کہ واقعے سے متعلق مزید اطلاعات موصول ہو رہی ہیں اور سیکیورٹی فورسز تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہیں۔

واقعے سے متعلق وائٹ ہاؤس کے ترجمان نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو فائرنگ کے واقعے سے متعلق آگاہ کر دیا گیا ہے اور وہ صورتِ حال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

ہوائی کے ایک مقامی ٹی وی ہوائی نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے ایک عینی شاہد نے بتایا کہ اس نے فائرنگ کی آواز سنی اور دیکھا کہ ایک بندوق بردار شخص نے اپنے سر پر بندوق رکھ کر خود کو گولی مار لی۔

عینی شاہد کا کہنا تھا کہ بندوق بردار شخص امریکی بحریہ کے یونی فارم میں ملبوس تھا۔

خیال رہے کہ یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب پرل ہاربر پر 7 دسمبر 1941 کو ہونے والے حملے کو 78 برس مکمل ہونے میں صرف تین دن باقی ہیں۔ اس روز جاپان نے امریکی بحریہ کے اس اڈے پر حملہ کیا تھا اور امریکہ جاپان کے خلاف جنگ کا اعلان کرتے ہوئے جنگ عظیم دوئم میں شامل ہو گیا تھا۔

XS
SM
MD
LG