رسائی کے لنکس

شمالی کوریا جوہری سرگرمیاں معطل کرنے پر تیار


شمالی کوریا جوہری سرگرمیاں معطل کرنے پر تیار
شمالی کوریا جوہری سرگرمیاں معطل کرنے پر تیار

امریکی وزیر خارجہ ہلری کلنٹن نے کانگریس کو بتایا کہ پیانگ یانگ بین الاقوامی معائنہ کاروں کو یورینیم کی افزودگی معطل کرنے کے کام کی تصدیق اور نگرانی کی اجازت دینے پر راضی ہوگیاہے

امریکہ نے کہاہے کہ شمالی کوریا دور مار میزائلوں کی لانچنگ، جوہری تجربات اور یورینیم کی افزدودگی کی اپنی سرگرمیاں معطل کرنے پر تیار ہوگیا ہے۔

امریکی وزیر خارجہ ہلری کلنٹن نے بدھ کے روز کانگریس کی کمیٹی کو بتایا کہ پیانگ یانگ بین الاقوامی معائنہ کاروں کو یورینیم کی افزودگی معطل کرنے کے کام کی تصدیق اور نگرانی کی اجازت دینے پر بھی راضی ہوگیاہے۔

معائنہ کار یہ تصدیق بھی کرسکیں گے کہ یانگ بیانگ میں واقع جوہری ری ایکٹر کو ناکارہ بنایا جاچکاہے۔

امریکی وزیر خارجہ کا یہ اعلان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب واشنگٹن شمالی کوریا پر مسلسل یہ دباؤ ڈال رہاہے کہ وہ چھ ملکی مذاکرات دوبارہ شروع کرنے پر راضی ہوجائے۔ ان بین الاقوامی مذاکرات کا مقصد ہتھیاروں کی تخفیف کے بدلے میں اسے خوراک کی امداد فراہم کرناہے ، جس کی اس ملک کو اشد ضرورت ہے۔

ہلری کلنٹن نے یہ بھی کہا کہ امریکہ اور شمالی کوریا کی خوراک سے متعلق ٹیمیں مستقبل قریب میں دو لاکھ 40 ہزار میٹرک ٹن امریکی خوراک کے امدادی منصوبے کی تفصیلات طے کرنے کے لیے ملاقات کریں گی۔

ان کا یہ بھی کہناتھا کہ اس منصوبے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ انتہائی ضرورت مندافراد تک خوراک پہنچنے کے عمل کی کڑی نگرانی کی جائے۔

امریکہ نے 2009ء کے شروع میں شمالی کوریا کے لیے خوراک کا امدادی پروگرام ان خدشات کے باعث معطل کردیا تھا کہ اس کا کچھ حصہ فوج یا سیاسی اشرافیہ کی طرف منتقل کردیا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG