رسائی کے لنکس

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان مستعفی


فلپ جے کرولی (فائل فوٹو)
فلپ جے کرولی (فائل فوٹو)

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان فلپ جے کرولی پینٹاگون پر تنقیدی بیان کے بعد اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں۔

وزیر خارجہ ہلری کلنٹن نے اتوار کو ایک بیان میں کہا کہ اُنھوں نے پی جے کرولی کا استعفیٰ منظور کر لیا ہے۔

کرولی نے معروف ویب سائٹ وکی لیکس کو خفیہ معلومات فراہم کرنے کے الزام میں زیر حراست شخص سے کیے جانے والے سلوک پر امریکی محکمہ دفاع کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور یہی واقعہ اُن کے استعفے کی وجہ بنا۔ سابق ترجمان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے موقف کی ذمہ داری قبول کرتے ہیں۔

کرولی نے جمعرات کو ایک یونیورسٹی میں خطاب کرتے ہوئے سابق انٹیلی جنس تجزیہ کار بریڈلے میننگ کے ساتھ محکمہ دفاع کے سلوک کو ”احمقانہ“ اور ”نقصان دہ“ قرار دیا تھا۔

صدر براک اوباما نے جمعہ کو اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ حکام نے اُنھیں یقین دلایا ہے کہ میننگ سے کیا جانے والے سلوک ”مناسب“ ہے۔

بریڈلے میننگ
بریڈلے میننگ

وکی لیکس کو خفیہ معلومات فراہم کرنے کے الزام میں زیرحراست میننگ گذشتہ سال جولائی سے دارالحکومت واشنگٹن کے قریب کوانٹی کو فوجی اڈے میں قید ہے۔

XS
SM
MD
LG