رسائی کے لنکس

صدر ٹرمپ کا انتخابی نتائج تسلیم کرنے سے پھر انکار، حامیوں کے واشنگٹن میں مظاہرے

اتوار کو اپنی ٹوئٹ میں صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹے۔ ابھی ہمیں طویل سفر طے کرنا ہے۔ یہ دھاندلی زدہ الیکشن تھے۔ 

18:13 6.11.2020

'ووٹ کو عزت دو': امریکی انتخابات پر پاکستانیوں کے دلچسپ تبصرے

امریکہ کا 46 واں صدر کون ہوگا؟ اس سوال کے جواب کا انتظار صرف امریکہ میں ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں کیا جا رہا ہے۔ ایک طرف لوگ بے تابی سے نتائج کا انتظار کر رہے ہیں تو دوسری جانب سوشل میڈیا پر تبصروں اور تجزیوں کے ساتھ ساتھ دلچسپ چٹکلوں اور میمز کا بازار بھی گرم ہے۔

امریکہ کے صدارتی انتخابات کے نتائج میں تاخیر سے متعلق ٹوئٹر اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر دلچسپ میمز گردش کر رہی ہیں۔ کوئی نتائج میں تاخیر پر اپنا حال میمز کے ذریعے بیان کر رہا ہے تو کوئی بازی جو بائیڈن کے حق میں دیکھ کر صدر ٹرمپ پر میمز بنا رہا ہے۔

پاکستان کے وزیرِ اعظم عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ بھی ان ہی میمرز بھی شامل ہو گئی ہیں۔

انہوں نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے صدر ٹرمپ سے متعلق ایک مزاحیہ میم شیئر کرتے ہوئے کہا کہ آج کی رات وائٹ ہاؤس میں کچھ ایسا ماحول ہے۔

ایک اور صارف نے امریکی الیکشن کے نتائج میں پیدا ہونے والی سنسنی کو مشہور ویب سیریز 'مرزا پور' سے ملا دیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی انتخابات کی جو صورتِ حال چل رہی ہے وہ 'مرزاپور ٹو' سے زیادہ دلچسپ اور ڈرامائی ہے۔

مزید جانیے

17:49 6.11.2020

ووٹوں کی گنتی کرنے والے عملے کی سیکیورٹی مزید سخت

امریکہ میں صدارتی انتخابات کا نتیجہ اب تک واضح نہیں ہوا ہے۔ ایسے میں فریقین کے حامیوں کے درمیان تناؤ کے بڑھنے سے کچھ ریاستوں کے حکام نے ووٹوں کی گنتی کرنے والے عملے کے لیے حفاظتی اقدامات میں اضافہ کر دیا ہے۔

ری پبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے ڈیموکریٹک حریف جو بائیڈن کے حامیوں کی زیادہ تر توجہ ریاست پنسلوینیا، نیواڈا اور ایریزونا پر مرکوز ہے جہاں دونوں امیدواروں کے درمیان کانٹے کا مقابلہ جاری ہے۔ یہ ریاستی کسی بھی امیدوار کی جیت یا ہار میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔

ووٹنگ کے عمل اور گنتی کے عمل میں بے ضابطگیوں کے الزامات کی وجہ سے گنتی کرنے کی جگہوں کے باہر کشیدگی کی فضا ہے۔

نیواڈا کی کلارک کاؤنٹی کی رجسٹرار جو گلوریا نے کہا کہ ’’مجھے اپنے اسٹاف کی حفاظت کی فکر ہے۔‘‘

مزید جانیے

17:31 6.11.2020

بائیڈن کو جارجیا میں بھی سبقت حاصل، پینسلوینیا میں ٹرمپ کی برتری خطرے میں

امریکہ میں منگل کو ہونے والے صدارتی انتخاب کے سلسلے میں آخری چند ریاستوں میں ووٹوں کی گنتی جاری ہے اور پینسلوینیا میں صدر ٹرمپ کو حاصل ہونے والی سبقت مسلسل کم ہو رہی ہے اور ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدوار جو بائیڈن کامیابی کی جانب بڑھتے دکھائی دے رہے ہیں۔

جو بائیڈن کو اس وقت صدر ٹرمپ کے 214 کے مقابلے میں 253 الیکٹورل ووٹ حاصل ہو چکے ہیں۔ صدر کا انتخاب جیتنے کے لیے کسی بھی امیدوار کے لیے کم سے کم 270 الیکٹورل ووٹ حاصل کرنا ضروری ہے۔

اس وقت چار ریاستوں میں ووٹوں کی گنتی آخری مراحل میں پہنچ چکی ہے جن میں ایری زونا، نیواڈا، پینسلوینیا اور جارجیا شامل ہیں۔

صدر ٹرمپ کو پینسلوینیا میں اب بھی سبقت حاصل ہے لیکن یہ مسلسل کم ہو رہی ہے۔ جو بائیڈن ایری زونا اور نیواڈا میں آگے ہیں جب کہ جارجیا میں انہیں اپنے ری پبلکن حریف پر بہت معمولی سبقت حاصل ہے۔

صدر ٹرمپ کو انتخاب میں کامیابی کے لیے پینسلوینیا اور جارجیا کے ساتھ ساتھ نیواڈا یا ایری زونا میں بھی کامیابی درکار ہے۔

پینسلوینیا کی سیکریٹری آف اسٹیٹ کیتھی بوکیار نے جمعرات کو کہا ہے کہ گنتی کے لیے باقی رہ جانے والے تمام ووٹ ڈاک کے ذریعے ڈالے گئے ووٹ ہیں۔

صدر ٹرمپ کو الاسکا اور نارتھ کیرولائنا میں واضح برتری حاصل ہے۔ ان ریاستوں میں بھی ڈاک کے ذریعے ڈالے جانے والے ووٹوں کی گنتی تاحال جاری ہے۔

14:34 6.11.2020

غیر قانونی ووٹوں سے متعلق سپریم کورٹ کو فیصلہ کرنا چاہیے: ٹرمپ

ری پبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ قانونی طور پر ڈالے گئے ووٹوں سے وہ باآسانی انتخاب جیت گئے ہیں۔

انہوں نے الزام عائد کیا ہے کہ انتخابی مبصرین کو کسی بھی صورت کام کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ مبصرین کی غیر موجودگی میں ڈالے گئے ووٹوں کو لازمی غیر قانونی قرار دیا جانا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ کی سپریم کورٹ کو غیر قانونی ووٹوں سے متعلق فیصلہ کرنا چاہیے۔

صدر ٹرمپ اور ان کے کئی مشیر اور ری پبلکن رہنما مسلسل انتخابات میں دھاندلی کے الزامات لگا رہے ہیں لیکن انہوں نے اب تک ان الزامات سے متعلق کوئی ثبوت پیش نہیں کیا ہے۔ ٹوئٹر نے بھی الیکشن سے متعلق اپنی پالیسی کے تحت صدر کی اس ٹوئٹ کو ہائیڈ کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ امریکی انتخابات کے اب تک سامنے آنے والے غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار جو بائیڈن کو صدر ٹرمپ پر برتری حاصل ہے۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG