بائیڈن کے دور میں امریکہ اور بھارت کے تعلقات کیسے ہوں گے؟
دنیا بھر کی طرح امریکہ کے حلیف سمجھے جانے والے ملک بھارت میں بھی امریکی صدارتی انتخابات کی بھرپور کوریج کی گئی۔ یہ خبر بیشتر اخبارات اور ٹی وی چینلز کی شہ سرخی رہی جب کہ اب نو منتخب امریکی صدر جو بائیڈن کے بھارت کے ساتھ تعلقات کے امکانات پر بحث اور تجزیوں کا سلسلہ جاری ہے۔
بھارت کے ٹرمپ انتظامیہ کے ساتھ تعلقات میں گرم جوشی پائی جاتی تھی اور یہی وجہ ہے کہ رواں برس صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت کا دورہ بھی کیا۔ بھارت میں اب یہ بحث جاری ہے کہ کیا بائیڈن انتظامیہ ان رشتوں کو مزید مضبوط کرے گی یا نئے سرے سے تعلقات کا جائزہ لے گی۔
بھارت کے انگریزی اخبار 'دی ٹائمز آف انڈیا' نے 'تبدیلی کی ہوا' کے عنوان سے اپنے اداریے میں جو بائیڈن کی وکٹری اسپیچ کی تعریف کرتے ہوئے بائیڈن انتظامیہ اور بھارت کے متوقع تعلقات کا جائزہ لیا۔
امریکہ کی چار ریاستوں کے نتائج آنا باقی
امریکہ کے صدارتی انتخابات کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق جو بائیڈن کو ڈونلڈ ٹرمپ پر واضح برتری حاصل ہے تاہم اب بھی چار ریاستوں کے نتائج آنا باقی ہیں۔
امریکہ کی 50 میں سے 46 ریاستوں کے نتائج آ چکے ہیں اور ریاست الاسکا، ایریزونا، نارتھ کیرولائنا اور جارجیا سے مکمل نتائج نہیں آئے۔
مذکورہ چاروں ریاستوں میں سے دو الاسکا اور نارتھ کیرولائنا میں ٹرمپ آگے ہیں جب کہ جارجیا اور اور ایریزونا میں بائیڈن کو ٹرمپ پر سبقت حاصل ہے۔
اب تک سامنے آںے والے غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق جو بائیڈن 279 الیکٹورل ووٹ حاصل کر کے امریکہ کے 46ویں صدر منتخب ہو گئے ہیں۔
اگر باقی ماندہ ریاستوں کے نتائج صدر ٹرمپ کے حق میں چلے بھی جائیں تو وہ صدر منتخب ہونے کے لیے الیکٹورل ووٹوں کی مطلوبہ تعداد 270 حاصل نہیں کر سکتے۔
امریکی انتخابات کے بعد غیر ملکی طلبہ ویزا پالیسی کے حوالے سے پراُمید
امریکہ میں مختلف ممالک سے تعلیم کے حصول کے لیے آئے طلبہ پرامید ہیں کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورِ صدارت میں طلبہ اور امیگریشن پالیسی میں جو بائیڈن کے صدر بننے کی صورت میں تبدیلیاں آئیں گی۔
جارجیا اسٹیٹ یونیورسٹی میں زیرِ تعلیم یوکرینی طالب علم رومان ایواسی کا کہنا ہے کہ "میں اس پر یقین رکھتا ہوں کہ غیر ملکی طلبہ اپنی تعلیم کے حصول کے دوران خود کو زیادہ محفوظ تصور کریں گے۔ خصوصاً کرونا کے مسئلے کے دوران، جب زیادہ تر تعلیمی پروگرام آن لائن ہو گئے ہیں۔"
کرونا وائرس کی عالمی وبا کے دوران اس برس مارچ سے امریکہ میں کالج اور یونیورسٹیاں بند ہیں جس کی وجہ سے غیر ملکی طلبہ اپنے ویزوں میں توسیع کے حوالے سے پریشان ہیں۔
ملائیشیا سے تعلق رکھنے والی طالبہ عائشہ وراستو کا کہنا ہے کہ "اب میں اُمید کرتی ہوں کہ امریکہ کا سفر کرنا قدرے آسان ہو گا اور خاص طور پر گریجویشن مکمل کرنے کے بعد ویزا کی درخواست دینے والے طلبہ کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔"
امید ہے جو بائیڈن افغان امن معاہدے کو برقرار رکھیں گے: طالبان
طالبان نے کہا ہے کہ وہ امریکہ کے 'نومنتخب صدر' جو بائیڈن سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ افغانستان میں طویل امریکی جنگ کے خاتمے کے معاہدے کو برقرار رکھیں گے۔
طالبان کے دوحہ میں سیاسی دفتر کے ترجمان محمد نعیم نے وائس آف امریکہ کو بتایا ہے کہ رواں برس فروری میں قطر کے دارالحکومت دوحہ میں امریکہ اور طالبان کے درمیان ہونے والا معاہدہ افغانستان اور امریکہ دونوں ہی کے مفاد میں ہے۔ ان کے بقول اس معاہدے پر اسی طرح عمل درآمد ہونا چاہیے جس پر فریقین نے اتفاق کیا تھا۔
یاد رہے کہ 29 فروری کو طے پانے والے مشروط معاہدے کے تحت امریکی اور نیٹو فورسز کو مئی 2021 تک افغانستان سے مکمل انخلا کرنا ہے اور طالبان اس عرصے کے دوران غیر ملکی افواج پر حملے نہ کرنے کے پابند ہیں۔