رسائی کے لنکس

روس اور امریکہ شام میں مقامی جنگ بندیوں کے حق میں


امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان مارک ٹونر نے کہا کہ لاذقیہ اور مشرقی غوطہ میں جنگ بندی تمام فریقین کے عزم کا امتحان ہو گا۔

شام میں فروری میں نافذ ہونے والی جنگ بندی کی بڑھتی ہوئی خلاف ورزیوں کے تناظر میں روس اور امریکہ نے اعلان کیا ہے کہ وہ ساحلی صوبے لاذقیہ اور دمشق کے نواحی علاقے مشرقی غوطہ میں مقامی جنگ بندیاں نافذ کرنے کی کوشش کریں گے۔

شامی حکومت کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ جنگ بندی ہفتے کو مقامی وقت کے مطابق ہفتہ کو ایک بجے شب شروع ہو گئی اور دمشق اور مشرقی غوطہ میں 24 گھنٹے تک جاری رہے گی۔ بیان میں کہا گیا کہ لاذقیہ صوبے میں بھی اسی طرح کی جنگ بندی 72 گھنٹے تک نافذ رہنے کی توقع ہے۔

گزشتہ ہفتے حلب میں حکومت اور باغی فورسز کے درمیان جنگ میں 230 شہریوں کی ہلاکت کی اطلاعات موصول ہوئیں۔ پانچ سال قبل خانہ جنگی شروع ہونے سے پہلے حلب آبادی کے لحاظ سے شام کا سب سے بڑا شہر تھا۔

مرنے والوں میں کم از کم 50 افراد ایسے تھے جو رات کو بمباری کا نشانہ بننے والے ایک اسپتال میں موجود تھے۔

امریکی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ وزیر خارجہ جان کیری اور ان کے روسی ہم منصب سرگئی لاوروف نے جمعے کو اس منصوبے کی تفصیلات پر بات چیت کی۔ تاہم حکام کا کہنا ہے کہ تازہ جنگ بندی پر کچھ عرصے سے بات چیت جاری تھی۔

حکام کا کہنا تھا کہ امریکہ، روس اور سیریئن سپورٹ گروپ میں شامل 17 دیگر ممالک جنگ بندی کو مؤثر بنانے کے لیے شامی حکومت یا باغیوں پر اپنا اثرورسوخ استعمال کریں گے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان مارک ٹونر نے کہا کہ لاذقیہ اور مشرقی غوطہ میں جنگ بندی تمام فریقین کے عزم کا امتحان ہو گا۔

حلب میں باغی سرکاری قبضے والے علاقوں کو مسلسل راکٹوں اور گولہ بارود سے نشانہ بنا رہے ہیں۔ سرکاری میڈیا کے مطابق ایک مسجد پر بمباری سے 15 افراد ہلاک اور 30 زخمی ہو گئے۔

شامی حکومت بھی مسلسل بمباری کر رہی ہے۔ شہری دفاع کے حکام کا کہنا ہے کہ حکومت کی فضائی کارروائیوں میں ایک طبی علاج گاہ کو نشانہ بنایا گیا جس میں متعدد افراد زخمی ہوئے جبکہ حلب میں بدھ کی رات ایسی ہی کارروائیوں میں ایک اسپتال تباہ ہو گیا جس میں عملے کے چھ ارکان سمیت 50 افراد ہلاک ہو گئے۔

XS
SM
MD
LG