رسائی کے لنکس

داعش کے خلاف کارروائیاں: امریکی ایف 16 طیارے ترکی پہنچ گئے


طیاروں کے ہمراہ امریکی فوج کے 300 اہلکار بھی دیگر ساز و سامان کے ہمراہ ترک ہوائی اڈے پہنچ گئے ہیں۔

امریکہ نے کہا ہے کہ اس نے شدت پسند تنظیم داعش کے خلاف کارروائی کے لیے اپنے 'ایف -16' جنگی طیارے ترکی میں تعینات کردیے ہیں۔

یہ طیارے شام کی سرحد کے نزدیک واقع ترکی فوجی اڈے 'انسرلک' میں تعینات کیے گئے ہیں جسے ترک حکومت نے گزشتہ ماہ داعش کے خلاف فوجی کارروائیوں کے لیے امریکہ کے حوالے کرنے کا اعلان کیا تھا۔

'اِنسرلک ایئر بیس' سے جاری کیے جانے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی فوج کے چھ 'ایف – 16' طیارے اٹلی کے ایویانو ایئربیس سے اِنسرلک پہنچا دیے گئے ہیں۔

بیان کے مطابق طیاروں کے ہمراہ امریکی فوج کے 300 اہلکار بھی دیگر ساز و سامان کے ہمراہ ترک ہوائی اڈے پہنچ گئے ہیں۔ ترکی کے جنوبی سرحدی علاقے میں قائم اس ہوائی اڈے پر امریکی ڈرون اور جنگی طیاروں کی آمد کا سلسلہ گزشتہ ہفتے شروع ہوا تھا۔

تاحال یہ واضح نہیں کہ امریکہ اپنے مزید کتنے فوجی اہلکار، اسلحہ اور جنگی آلات ترکی بھیجے گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے امریکی وزارتِ دفاع 'پینٹاگون' نے اعلان کیا تھا کہ 'انسرلک' کے ہوائی اڈے پر تعینات امریکی فوج نے شام میں داعش کے جنگجووں کے خلاف فضائی حملوں کا آغاز کردیا ہے۔

امریکی فوجی حکام کے مطا بق بدھ کو سرحد پار کیا جانے والا پہلا حملہ ایک ڈرون کے ذریعے کیا گیا تھا جس میں ترک ہوائی اڈے سے اڑان بھرنے والے بغیر پائلٹ کے طیارے نے شام میں داعش سے تعلق رکھنے والے ایک ہدف پر میزائل برسائے تھے۔

امریکی اور ترک حکام کا کہنا ہے کہ وہ ترکی کی سرحد سے متصل شامی علاقوں میں داعش کے خلاف مشترکہ فوجی کارروائیوں کی بھی منصوبہ بندی کر رہے ہیں جن کا جلد آغاز کردیا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG