امریکہ کی وسط مغربی ریاست میزوری میں حکام کا کہنا ہے کہ تیز ہواؤں کے جھکڑ چلنے سے قصبہ میں کم از کم 24 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
حکام کے مطابق ہوا کے ایک انتہائی تیز اور طاقتور بگولے نے اتوار کی شب شہر کنساس سے 220 کلومیٹرجنوب میں واقع جوپلین نامی قصبے کو نشانہ بنایا۔
تیزجھکڑوں سے کئی مکانات مکمل طور پر ملبے میں تبدیل ہوگئے، گاڑیاں اڑ کر دور جاگریں جبکہ قصبے کے اسپتال کی عمارت کو بھی شدید نقصان پہنچا جس کے بعد اسے خالی کرالیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں امدادی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
ادھر ریاست منی سوٹا میں بھی طوفانی ہوا کے جھکڑوں سے ایک شخص ہلاک اور 30 سے زائد زخمی ہوگئے۔
امریکی محکمہ موسمیات کے مطابق ریاست وسکونسن سے اوکلوہوما تک کی پٹی اس وقت شدید طوفانی ہواؤں اور بگولوں کی زد میں ہے۔
امریکی صدر براک اوباما نے میزوری میں ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ریاستی حکومت کو بحالی کی کارروائیوں میں وفاقی انتظامیہ کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔