امریکی ماہرین موسمیات نے مشرقی ریاست ٹیکساس سے نیو انگلیڈ میں کینیڈا کی سرحد تک کے علاقوں میں رہائش پذیر افراد کو بدھ کے روز شدید موسم کے بارے میں خبردار کیا ہے۔
امریکہ کے تقریباً ایک تہائی حصے میں آندھی، طوفانِ باد و باراں، ژالہ باری، اور سیلاب آنے کا خطرہ ہے۔ ان میں سے کئی علاقوں میں پہلے ہی حالیہ موسلادھار بارشوں اور بگولوں سے ہونے والی تباہی سے نمٹنے کی کوششیں جاری ہیں۔
ریاست آرکنسا، ایلے نوائے، انڈیانا، کینٹکی اور میزوری کے گورنروں نے طوفان اور دریاؤں میں طغیانی کے خطرات کے پیش نظر اپنی ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
دریں اثنا آرکنسا میں سیلاب اور آندھی کی وجہ سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 10 ہو گئی ہے۔ پیر کو طوفان باد و باراں نے ویلونیا شہر میں تباہی برپا کی تھی، جب کہ لیٹل راک ایئر فورس بیس بھی اس کی زد میں آئی تھی۔
تقریباً دو ہفتے قبل تین دن تک جاری رہنے والے طوفان سے جنوبی اور وسطی امریکہ میں کم از کم 45 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ صرف ریاست نارتھ کیرولائنا سے 60 بگولوں کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں۔