رسائی کے لنکس

یوم تشکر پر پسماندہ افراد کےلیے طعام کا انتظام


یوم تشکر پر پسماندہ افراد کےلیے طعام کا انتظام
یوم تشکر پر پسماندہ افراد کےلیے طعام کا انتظام

امریکہ میں ہر سال نومبر میں چوتھی جمعرات کو تھینکس گِونگ ڈے یعنی یوم تشکر منایا جاتا ہے۔ اس تہوار کی خاص بات وہ ڈنر ہوتا ہے جس کے لیے گھرانے کے سب لوگ اکٹھے ہوتے ہیں ۔ لیکن کم آمدنی والے لوگوں کے لیے تھینکس گِونگ کا روایتی ڈنر تیار کرنا آسان نہیں۔ ریاست کولوریڈو میں ایک فلاحی ادارہ، والنٹیئرز آف امریکہ، کھانے کی اشیاء جمع کرتا ہے تا کہ غریب لوگ اس روز کے روایتی ڈنر سے محروم نہ رہ جائیں۔

راڈنی کننگھم والنٹیئرز آف امریکہ میں رضاکارانہ طور پر کام کرتے ہیں ۔ وہ تھینکس گِونگ کے دن سے ہفتوں پہلے کام شروع کر دیتے ہیں تا کہ یہ فلاحی ادارہ اس تہوار کے دن کھانا فراہم کرنے کے لیے تیار ہو ۔ وہ اس کام کی اہمیت کو سمجھتے ہیں کیوں کہ انہیں اور ان کے گھرانے کو بھی کھانا یہی فلاحی ادارہ فراہم کرے گا ۔ وہ کہتے ہیں کہ ‘‘تھینکس گِونگ کے روز کا کھانے کا ڈبہ ہمارے لیے بہت اہم ہے کیوں کہ مجھے حکومت سے فوڈ اسٹامپ یا کوئی اور امداد نہیں ملتی۔ ہمارے لیے ٹرکی اور دوسرے لوازمات حاصل کرنے کا یہی ایک طریقہ ہے۔’’

ریاست ڈنور میں ہر سال، والنٹیئرز آف امریکہ ، علاقے کے کم آمدنی والے باسیوں کو 1,500 فوڈ باسکٹس فراہم کرتا ہے ۔ ان ٹوکریوں میں یومِ تشکر کے روایتی کھانے کی چیزیں، جیسے کرین بیری ساس، پمپکن، تازہ سبزیاں اور ٹرکی ہوتی ہے۔

ان ٹوکریوں کی مانگ ہمیشہ بہت زیادہ ہوتی ہے لیکن کننگھم جو گذشتہ تین برس سے رضاکار کے طور پر کام کرتے رہے ہیں، کہتے ہیں کہ اس سال مانگ خاص طور سے بہت زیادہ ہے ۔ ان کے مطابق ‘‘اس کی وجہ یہ ہے کہ اقتصادی حالت خاصی خراب ہے، اور بہت سے لوگ ضرورت مند ہیں۔ ان کے پاس کھانے پینے کی چیزیں ختم ہو چکی ہیں۔’’

کولوریڈو کے لوگ مقامی فلاحی تنظیموں کو کھانے پینے کے چیزوں کا عطیہ دیتے ہیں۔ والنٹیئرز آف امریکہ کے جم وائٹ کہتے ہیں کہ لوگ بڑی فراخدلی سے مدد کرتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ‘‘ان لوگوں نے 148 ٹن سے زیادہ غذائی اشیاء کا عطیہ دیا، لیکن آپ خود سوچ سکتےہیں کہ 1,500 فوڈ باسکٹس کے لیے جن میں تھینکس گونگ کے ڈنر کے تمام لوازمات اور 15 پاؤنڈ ٹرکی موجودہو، کتنے زیادہ سامان کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔’’

وہ کہتےہیں کہ پورے شہر سے کننگھم جیسے رضاکار مدد کے لیے آتے ہیں تا کہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس تہوار کے کھانے سے لطف اندوز ہو سکیں ۔ انھوں نے کہا کہ ‘‘آپ کے حالات کیسے ہی کیوں نہ ہوں، ہمارے پاس جو کچھ ہے اس کے لیے ہمیں شکر گذار ہونا چاہیئے۔ تشکر کے اظہار کا اس سے بہتر اور کوئی طریقہ نہیں ہو سکتا کہ ہم ایسے لوگوں کو مدد کریں جو مشکلات سے دو چار ہیں۔’’

کننگھم کہتے ہیں کہ اس بات کو یقینی بنانا کہ سب کو اچھے سے اچھا تھینکس گِونگ ڈنر مل جائے، ان کے کام کا سب سے اطمینان بخش پہلو ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ ‘‘یہ سب لوگ کتنے خوش ہیں۔ ان کے چہروں پر مسکراہٹ دیکھ کر مجھے مسرت کا احساس ہو تا ہے۔ مجھے یوں لگتا ہے گویا ان کے پیٹ خوب بھر گئےہیں۔’’

وہ کہتےہیں کہ ان کی خوشی دیکھ کر مجھے احساس ہوتا ہے کہ میری محنت رائیگاں نہیں گئی۔

XS
SM
MD
LG