رسائی کے لنکس

امریکی افواج کے انخلاء کا اعلان ’علامتی‘: طالبان


امریکی افواج کے انخلاء کا اعلان ’علامتی‘: طالبان
امریکی افواج کے انخلاء کا اعلان ’علامتی‘: طالبان

طالبان نے کہا ہے کہ افغانستان سے امریکی فوجیوں کے انخلاء کا اعلان ”صرف ایک علامتی اقدام“ ہے۔

اطلاعات کے مطابق ذرائع ابلاغ کو جمعرات کے روز انٹر نیٹ پر بھیجے گئے اپنے ایک بیان میں طالبان کا کہنا ہے کہ افغانستان میں ”بے مقصد خون ریزی“کا سلسلہ بند کرنے کے لیے امریکہ کو مزید سنجیدہ اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

”اسلامی امارت ِ افغانستان ایک مرتبہ پھر واضح کر دینا چاہتی ہے کہ افغان بحران کا حل غیر ملکی افواج کا فوری طور پر مکمل انخلاء ہے۔“بیان میں متنبہ کیا گیا ہے کہ جب تک بین الاقوامی سکیورٹی فورسز افغانستان میں موجود ہیں، طالبان کی مسلح جدوجہد میں روز بروز اضافہ ہوگا۔

بدھ کی شب ٹیلی ویژن پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے صدر براک اوباما نے اعلان کیا تھا کہ رواں سال کے اختتام تک 10 ہزار امریکی فوجی افغانستان سے وطن واپس بلا لیے جائیں گے، جب کہ آئندہ سال کے اواخر تک مجموعی طور پر 33 ہزار فوجیوں کو افغانستان سے نکال لیا جائے گا۔

مسٹر اوباما کا کہنا تھا کہ امریکہ کے سول و فوجی اہلکاروں اور اس کے متعدد اتحادیوں کی کوششوں کے باعث افغانستان میں اہداف حاصل کیے جا رہے ہیں۔

لیکن طالبان نے امریکی صدر کے اس بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغان جنگ میں مثبت پیش رفت کے امریکی دعوے ”بے بنیاد“ ہیں۔

صدر اوباما کے اعلان کردہ منصوبے کے مطابق انخلاء کے اس ابتدائی مرحلے کے بعد امریکی افواج کی واپسی ایک مستحکم انداز میں جاری رہے گی اور ان کا مشن براہ راست لڑائی سے معاون فورس میں تبدیل ہو جائے گا۔ جب کہ 2014ء میں افغان سکیورٹی فورسز اپنے ملک میں سلامتی کی تمام تر ذمہ داریاں سنبھال لیں گی۔

XS
SM
MD
LG