رسائی کے لنکس

افغانستان سے امریکی فوجیوں کی واپسی شروع


اعلیٰ امریکی عہدیدار کابل میں گفتگو کرتے ہوئے (فائل فوٹو)
اعلیٰ امریکی عہدیدار کابل میں گفتگو کرتے ہوئے (فائل فوٹو)

افغانستان میں تعینات امریکی فوجیوں کی وطن واپسی کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے اور پہلے مرحلے میں رواں ہفتے 650 فوجی ملک سے چلے گئے ہیں۔

امریکی فوجی حکام نے جمعہ کے روز اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ امریکہ جانے والے فوجی صوبہ پروان میں تعینات تھےاور ان کی جگہ نئے فوجی دستے تعینات نہیں کیے جائینگے۔

صدر براک اوباما کے گزشتہ ماہ اعلان کے مطابق رواں سال کے آخر تک دس ہزار امریکی فوجی وطن واپس چلے جائیں گے جبکہ ستمبر 2012 تک مجموعی طور پر 33 ہزار امریکی فوجی وطن لوٹ جائینگے۔

ان فوجیوں کی وطن روانگی کے بعد افغانستان میں موجود امریکی فوجیوں کی تعداد 2009ء سے قبل کی سطح پر پہنچ جائے گی جب صدر اوباما نے مزید 30 ہزار فوجی افغانستان بھجوانے کا اعلان کیا تھا۔

افغانستان میں ایک لاکھ امریکی فوجیوں میں سے باقی کی واپسی کا عمل 2014ء کے اختتام تک مکمل ہونے کا امکان ہے جب افغانستان کی مقامی سیکیورٹی فورسز اپنے ملک کی سلامتی کی مکمل ذمہ داریاں سنبھالیں گی۔

واضح رہے کہ افغان جنگ امریکی عوام میں تیزی سے غیر مقبول ہو رہی ہے۔ گزشتہ ایک دہائی کے دوران افغانستان اور عراق کی جنگوں پر کھربوں ڈالرز کے اخراجات کے بعد صدر اوباما نے گزشتہ ماہ "امریکی قوم کی داخلی ترقی" پر توجہ مرکوز کرنے کا اعلان کیا تھا۔

XS
SM
MD
LG