امریکہ میں جمعہ 11 نومبر کو ملک بھر میں ملک کے دفاع کے لیے اپنی جانیں قربان کرنے والوں اور مسلح افواج میں خدمات انجام دینے والوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن’ویٹرن ڈے‘ منایا جارہاہے۔
دن کے آغاز پر امریکہ کے صدر براک اوباما نے واشنگٹن کے مضافات میں واقع آرلنگٹن کے قومی قبرستان میں شہیدوں کی قبروں پر پھول چڑھائیں گے اور اس موقع پر ہونے والی ایک خصوصی تقریب سے خطاب کریں گے۔
اس کے بعد صدر ریاست ساؤتھ کیرولائنا کےشہر سین ڈی ایگو جائیں گے جہاں وہ امریکی بحریہ کے جہاز یوایس کیرل پر ایک تقریب سے خطاب کریں گے اور وہاں ویٹرنز ڈے کی ایک باسکٹ بال گیم میں شرکت کریں گے، جس میں دو امریکی یونیورسٹیوں، مشی گن اسٹیٹ یونیورسٹی اور نارتھ کیرولائنا یونیورسٹی کی ٹیمیں شریک ہورہی ہیں۔
سابق فوجیوں کا دن 1918 ءکے اس دن کی یاد میں منایا جاتا ہے جب جنگ بندی کے اس معاہدے پر دستخط ہوئے تھے جس کے نتیجے میں جنگ عظیم اول ختم ہوئی تھی ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس معاہدے پر گیارھویں مہینے کے گیارھویں دن اور دن کے گیارہ بجے دستخط ہوئے تھے۔ یہ دن یورپ اور دوسرے مقامات پر بھی’ آرمسٹس‘ یا ’ری ممبرنس ڈے‘کے طور پر منایا جاتا ہے۔
اس روز امریکہ میں عام تعطیل ہوتی ہے اور اس سال یہ دن ایک ایسے موقع پر آیا ہے عراق سے جب امریکی فوجیوں کی واپسی میں دو ماہ سے بھی کم عرصہ باقی رہ گیا ہے ۔