امریکی خلائی ایجنسی کی جانب سےمختلف امریکی خلائی مشنز کےدوران ہلاک ہونے والے 17 خلابازوں کی یاد میں جمعرات کے روز سالانہ یادگاری دن منایا گیا۔
اس دن کے حوالے سے فلوریڈا کے کینیڈی اسپیس اسٹیشن اور واشنگٹن ڈی سی کے نواح میں واقع آرلنگٹن کے قومی قبرستان میں خصوصی تقریبات منعقد ہوئیں جن میں اپولوون، چیلنجر اور کولمبیا نامی خلائی شٹلز کے حادثو ں میں ہلاک ہونے والے خلا نوردوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
خلابازوں کے یادگاری دن کا انعقاد خلائی شٹل چیلنجر کے حادثے کو 25 سال مکمل ہونے کے موقع پر کیا جارہا ہے ۔ 28 جنوری 1986 کو پیش آنے والے اس حادثے میں چیلنجر اپنی لانچنگ کے 73 سیکنڈ بعد ہی تباہ ہوگئی تھی جبکہ اس میں سوار تمام سات خلا باز ہلاک ہوگئے تھے جن میں ایک خاتون اسکول ٹیچر بھی شامل تھیں۔
اس سے قبل 27 جنوری 1967 کو کمانڈ ماڈیول اپولوون لانچنگ پیڈ پر دھماکے سے پھٹ گیا تھا جس میں تین خلا نورد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔
یکم فروری 2003 کو پیش آنے والے ایک اور حادثے میں خلائی شٹل کولمبیا مشن سے واپسی پر زمین کے مدار میں داخل ہوتے وقت تباہ ہوگئی تھی۔ حادثے میں شٹل میں سوار تمام سات خلاباز ہلاک ہوگئے تھے۔