رسائی کے لنکس

امریکی اور پاکستانی عہدیداروں کا دوطرفہ تعلقات کو وسعت دینے کا عزم


صدر براک اوباما کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی ڈاکٹر لیوائے نے افغانستان میں امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور افغانستان، پاکستان اور امریکہ کے درمیان بہتر تعلقات کی ضرورت پر زور دیا۔

صدر براک اوباما کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی ڈاکٹر پیٹر لیوائے نے کہا ہے کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو وسعت دینا چاہتا ہے۔

یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں وزیر اعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی و خارجہ امور سرتاج عزیز سے ایک ملاقات میں کہی۔

وزارت خارجہ سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق سرتاج عزیز نے ملاقات میں کہا کہ دونوں ممالک کو اپنے تعلقات کو باہمی شراکت داری کی ایک نئی سطح تک لے جانا چاہیئے۔

بدھ کی شام ہونے والی ملاقات میں افغانستان میں حالیہ صورت، پاک بھارت تعلقات اور پاک امریکہ تعاون کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ڈاکٹر لیوائے نے افغانستان میں امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور افغانستان، پاکستان اور امریکہ کے درمیان بہتر تعلقات کی ضرورت پر زور دیا تاکہ افغانستان میں امن و استحکام قائم کیا جا سکے۔

دریں اثنا، سرتاج عزیر نے جمعرات کو نامہ نگاروں کو بتایا کہ امریکہ کی طرف سے ’اتحادی اعانتی فنڈ‘ کی واجب الادا اقساط ادائیگی کے ضمن میں پیچیدگیوں اور اعتراضات کو جلد دور کر لیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان بات چیت کی جاری ہے اور امید ہے کہ ستمبر میں امریکہ میں نیا مالیاتی سال شروع ہونے سے قبل اس مسئلے کو حل کر لیا جائے گا۔

امریکہ پاکستان کو یہ فنڈ پاکستانی فوجی تنصیبات کے استعمال، پاکستانی سکیورٹی فورسز کی تربیت اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہونے والا اخراجات کی مد میں ادا کرتا ہے۔

رواں ہفتے اسلام آباد میں پاکستان اور امریکہ کے دفاعی مشاورتی گروپ کا 23 واں اجلاس بھی ہوا، جس میں مقرر کیے گئے اہداف پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

اس گروپ میں دونوں ممالک کے درمیان سلامتی امور پر تعاون کے فروغ اور مشترکہ مفادات کے حصول کے لیے دفاعی پالیسی کو مربوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا جاتا ہے۔

XS
SM
MD
LG