واشنگٹن کے قومی چڑیا گھر میں پانڈا می زیانگ نے دو بچوں کو جنم دیا ہے۔ بچے کی پیدائش کی خبر کو کئی بلٹنز میں بار بار نشر کیا گیا اور سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر پانڈا کے اس خاندان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
سمتھسونین کے قومی چڑیا گھر کی طرف سے جاری ایک طویل بیان کے مطابق ایک طبی ٹیم اس وقت می زیانگ کے پاس موجود تھی جب اس نے بچوں کو جنم دیا۔ جنم لینے بچوں کی جنس کا تعین کچھ دنوں کے بعد کیا جائے گا۔
چڑیا گھر کی ڈائریکٹر ڈینس کیلی نے کہا کہ "ہم سب خوش ہیں، بچے اس وقت کمزور ہیں اور ان کا سائز بہت ہی چھوٹا ہے (چار سنٹی میٹر) لیکن ہم جانتے ہیں کہ می ایک اچھی ماں ہے"۔
چڑیا گھر کا کہنا ہے کہ جانوروں کے معالجوں نے می زیانگ میں حمل کی صحیح یا ملتی جلتی علامات کے ظاہر ہونے کے ایک ماہ بعد پہلی بار 19 اگست کو اس کے حاملہ ہونے کی تصدیق کی تھی۔ ان علامات میں گھونسلہ بنانا، اپنے پنجرے میں زیادہ وقت گزارنا اور زیادہ وقت تک سونا اور کم کھانا شامل ہے۔ می زیانگ نے زیادہ وقت کھلونوں کو پکڑنے اور چومنے میں صرف کیا۔
جانوروں کے معالجوں نے اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ می زیانگ آئندہ دو ہفتوں کے دوران زیادہ وقت تنہائی میں اپنے بچوں کے ساتھ گزارے گی۔ چڑیا گھر کی انتظامیہ نے ماں اور بچے کو خاموش ماحول فراہم کرنے کے لئے ان کے رہنے کے جگہ کو نئے اعلان تک عام لوگوں کے لئے بند کر دیا گیا ہے۔
جانوروں کے معالجوں نے وسطی چین میں ایک ریسرچ سنٹر میں موجود نر پانڈا سے حاصل ہونے والے تخم سے می زیانگ میں حمل مصنوعی طریقہ سے ٹھہرایا تھا۔
می زیانگ مادہ پانڈا اس سے پہلے دو بچوں تائی شان اور باؤ باؤ کو جنم دے چکی ہے جو دونوں زندہ ہیں۔ تائی شان کا جنم 2005 میں ہوا اور وہ اب چین میں موجود ہے۔
باؤ باؤ دو سال قبل پیداہوئی اور وہ اب بھی چڑ یا گھر میں موجود ہے اور وہ چار سال کی عمر تک یہیں رہے گی۔ تائی شان اور باؤباؤ بھی دونوں مصنوعی تخم ریزی کے ذریعے پیدا ہوئے۔