رسائی کے لنکس

‘یو ایس ایڈ’ میں اہم اصلاحات کا اعلان


‘یو ایس ایڈ’ میں اہم اصلاحات کا اعلان
‘یو ایس ایڈ’ میں اہم اصلاحات کا اعلان

گذشتہ ماہ‘ فیڈ دِی فیوچر’نامی اقدام کا اعلان کیا گیاتھا۔ ساڑھے تین ارب ڈالر مالیت سے کی جانے والی اِس کوشش کا مقصد عالمی سطح پر خوراک کی سکیورٹی کی ضمانت فراہم کرنا ہے

نیشنل پریس کلب میں ‘یو ایس ایڈ’ کے ڈائریکٹر راجیو شاہ نے تقریر کرتے ہوئے کہاہے کہ ہیٹی میں زلزلے کے بعد آنے والے ہفتوں میں اُن کے عملے کی کوششوں نے اِس بات کو یقینی بنایا کہ ہیٹی میں شدید ضروریات کو پورا کیا جائے۔

امریکہ سے خوراک کی فراہمی پر انحصار کرنے کی بجائے ہنگامی ٹیموں نے مقامی تاجروں سے سامان خریدا اور عالمی ادارہٴ خوراک کے ساتھ مل کر تقریباً 35لاکھ افراد کی غذائی ضروریات کو پورا کیا۔

اُنھوں نے بتایا کہ یہ کسی بھی ہنگامی امدادی ادارے کی طرف سے کیے جانے والے کام میں سب سے بڑا غذائی پروگرام تھا۔ شاہ نے کہا کہ دس لاکھ سے زائد افراد کو فوری طور پر دیے جانے والے حفاظتی ٹیکوں کے نتیجے میں ابھی تک کوئی بڑی وبا نہیں پھوٹی۔

شاہ کا کہنا تھا کہ اِن کوششوں سے اُنھوں نے یہ سیکھا کہ بہترین کارکردگی کس طرح ممکن ہو سکتی ہے۔ اُن کے بقول، ہمیں اُن کاروباری صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کی حوصلہ افزائی کرنے کی ضرورت ہے جو ادارے اور عملے میں پہلے ہی سے موجود ہیں۔

سینتیس سالہ ڈائریکٹر، ‘بِل اینڈ ملینڈا گیٹس فاؤنڈیشن’ کے لیے کام کرتے تھے۔ اُن کا کہنا ہے کہ وہ ‘یو ایس ایڈ’ میں اصلاحات کریں گے جِن میں بجٹ کا احتساب اور نجی اداروں کے ساتھ ساجھے داری کرنا بھی شامل ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ محض امداد فراہم کرنے کی بجائے ادارے کو توجہ دینا چاہیئے کہ اُس کی سرگرمیوں کے نتائج کیا رہیں گے۔

اُنھوں نے کہا کہ عملے کو وِڈیو کیمرے بھی دیے جائیں گے تاکہ وہ کسٹمر رسرچ کے لیے انٹرویوز کریں جِن کا اعلیٰ سطح کے اجلاسوں میں تجزیہ کیا جائے گا۔ شاہ نے کہا کہ اِس کوشش کا مقصد بھرپور انداز میں شفافیت کا حصول ہے۔

شاہ کا کہنا تھا کہ ہمیں امریکی ٹیکس دہندگان کو یہ ٹھوس ثبوت فراہم کرنے کی ضرورت ہے کہ اُن کی رقم کا مصرف کیا ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ ‘یو ایس ایڈ’ اِس بات کو بھی یقینی بنا رہی ہے کہ فراہم کی جانے والی امداد بدعنوان مقامی عہدے داروں کے ہاتھ نہ لگے۔

شاہ کا کہنا تھا کہ ہم اپنے پروگراموں میں کسی نوعیت کی بدعنوانی کو برداشت نہیں کر سکتے۔ یہی وجہ ہے کہ ہیٹی کے پورٹ آف پرنس میں ہمارے انسپیکٹر جنرل موجود ہیں جو اشیا کی فراہمی اور ٹھیکوں کی نگرانی کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ افغانستان اور پاکستان میں بھی ہمارے انسپیکٹر جنرل کی ٹیمیں موجود ہیں جو فنڈز کی فراہمی کی بھرپور نگرانی کرتی ہیں۔

شاہ نے کہا کہ اوباما انتظامیہ ترقیاتی امداد کو سکیورٹی کے معاملے کی نظر سے دیکھتی ہے، کیونکہ اِس سے ایسے حالات کی روک تھام ہوتی ہے جو انتہا پسندی کو جنم دیتے ہیں۔

اُنھوں نے کہا کہ گذشتہ برس کے آغاز سے ادارے نے افغانستان میں اپنے عملے کی تعداد تین گنا کردی ہے۔

شاہ نے گذشتہ ماہ‘ فیڈ دِی فیوچر’نامی اقدام کا اعلان کیا تھا۔ ساڑھے تین ارب ڈالر مالیت سے کی جانے والی اِس کوشش کا مقصد عالمی سطح پر خوراک کی سکیورٹی کی ضمانت فراہم کرنا ہے۔

امریکہ دنیا میں ترقیاتی امداد فراہم کرنے والے ملکوں میں سرِ فہرست ہے لیکن امریکہ کی مجموعی قومی آمدن کے مقابلے میں یہ متعدد دوسرے ترقی یافتہ ممالک سے کم ہے۔

XS
SM
MD
LG