رسائی کے لنکس

صبا قمر: کامیاب پاکستانی اداکارہ، ماڈل اور ہوسٹ


نجی ٹی وی ”جیو“ کا پروگرام ”ہم سب امید سے ہیں“ صبا قمر کی پہچان بنا ہوا ہے۔

پاکستان ٹیلی ویژن کے بارے میں کہاجاتا ہے کہ اس نے ان گنت باصلاحیت فنکاروں کی نہایت زرخیز فصل تیار کی تھی۔ اس فصل کے بہت سے فنکار اب بھی نئے آنے والوں کے آئیڈیل اور اپنے آپ میں ایک لیجنڈ ہیں۔

پی ٹی وی کا دور تو اب نہیں رہا لیکن موجودہ دور کے نجی ٹی وی چینلز اب باصلاحیت فنکاروں کو بھرپور انداز میں پروان چڑھانے کی ذمے داری ادا کررہے ہیں۔

صبا قمر بھی پاکستان ٹی وی کے ڈرامہ سیریل ”میں عورت ہوں“ سے فن کی دنیا میں آئی تھیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ صبا کو تراشنے خراشنے کا کام نجی چینلز نے انجام دیا۔

اس وقت بھی نجی ٹی وی ”جیو“ کا پروگرام ”ہم سب امید سے ہیں“ ان کی پہچان بنا ہوا ہے۔

صبا نے بہت کم عرصے میں خود کومنوایا ہے۔ وہ وراسٹائل ایکٹریس ہونے کے ساتھ ساتھ کامیڈین اور بہت اچھی ہوسٹ بھی ہیں۔

”ہم سب امید سے ہیں“ جیو کا ایسا پروگرام ہے جو اس ٹی وی کے آغاز سے لیکر اب تک پسندیدگی کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ گو اس پروگرام میں بہت سے چہرے آئے اور چلے گئے لیکن صبا اپنی اداکاری اور مختلف شخصیات کی جاندار پیروڈی کے سبب سب سے زیادہ پسند کی جاتی ہیں۔

صبا اچھی فنکارہ ہونے کے علاوہ ماڈل بھی ہیں۔ ان دنوں بھی ان کے بہت سے کمرشل چل رہے ہیں۔ شہر میں جگہ جگہ ان کے ہورڈنگز لگے ہوئے ہیں۔

وہ فیشن شوز میں کیٹ واک بھی کرتی رہی ہیں لیکن آج کل انہوں نے کیٹ واک چھوڑی ہوئی ہے۔ اس بات کا وہ مقامی میڈیا کو انٹرویو میں کئی بار احاطہ کرچکی ہیں۔

صبانے اب تک جن ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں ان میں مات، غرور، تقدیر، ماموں، چبھن، محبت یوں بھی ہوتی ہے، جناح کے نام، تنکے، اُڑان، داستان، آنکھ سلامت اندھے لوگ، تیرا پیار نہیں بھولے، میں چاند سی، شہریار شہزادی،، تیری اک نظر، لباس اور جو چلے تو جاں سے گزر گئے شامل ہیں۔

صبا کو بھارتی اداکارہ تبو سب سے زیادہ پسند ہیں۔ ان کا کہنا ہے ”میں آج بھی تبو جیسی ورسٹائل اداکارہ بننا چاہتی ہوں۔۔۔ میرادل چاہتا ہے کہ میں تبو جیسی ایکٹنگ کروں مگر مجھے ان جیسے کردار ابھی تک نہیں ملے"۔
XS
SM
MD
LG