بھارتی فلموں کے مزاحیہ اداکار سید اشتیاق احمد جعفری عرف 'جگدیب' اب اس دنیا میں نہیں رہے۔ بالی وڈ ان کی اچانک موت پر سوگوار ہے۔
جگدیب اپنے اصل نام 'سید اشتیاق احمد جعفری' سے کم اور 1975 کی کامیاب ترین فلم 'شعلے' میں ادا کردہ کردار 'سورما بھوپالی' کے نام سے زیادہ جانے جاتے تھے۔
اُن کا انتقال بدھ کی شب 81 سال کی عمر میں ممبئی میں ہوا۔ بھارت کے سرکاری خبر رساں ادارے نے جگدیپ کے قریبی دوست اور بالی وڈ پروڈیوسر محمود علی کے حوالے سے بتایا ہے کہ بظاہر بڑی عمر کے علاوہ جگدیپ کو کوئی مرض لاحق نہیں تھا۔ تاہم زائد العمری کی وجہ سے اُنہیں صحت کے چھوٹے موٹے مسائل درپیش رہتے تھے۔
جگدیب اداکار جاوید جعفری اور فلم ساز نوید جعفری کے والد ہیں۔
انہوں نے اپنے فنی کریئر کے دوران تقریباً 400 فلموں میں اداکاری کی لیکن سب سے زیادہ جو کردار ان کی شہرت کا سبب بنا وہ سن 1975 میں ریلیز ہونے والی میگا ہٹ فلم 'شعلے' کا سورما بھوپالی تھا۔
اسی فلم میں ان کا سب سے مشہور ڈائیلاگ تھا "اماں میں تو کے ریا ہوں پان کھالو" تھا۔ اس مکالمے کو لوگ آج تک نہیں بھولے۔
سورما بھوپالی کی شہرت کے سبب ہی جگدیب نے اسی نام سے ایک فلم بھی ڈائریکٹ کی تھی لیکن وہ کامیاب نہ ہوسکی تاہم فلم 'پرانا مندر' اور 'انداز اپنا اپنا' اُن کی کامیاب فلمیں تھیں۔ 'انداز اپنا اپنا' میں انہوں نے سلمان خان کے والد کا کردار ادا کیا تھا۔
جگدیپ کی موت پر بالی وڈ کی بہت سی شخصیات نے سوشل میڈیا پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
انیل کپور، جنہوں نے جگدیپ کے ساتھ کئی فلموں میں کام کیا تھا، نے انہیں بھارت کے بڑے اداکاروں میں سے ایک قرار دیا ہے۔
جگدیپ کے ایک اور قریبی دوست اور فن کار سجنے مشرا نے بھی ان کی موت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اداکارہ جینیلیا دیش مکھ نے بھی ان کی یاد میں ایک ٹوئٹ کی ہے۔
جگدیپ کی موت پر دارالحکومت نئی دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے بھی افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اداکار اجے دیوگن نے جگدیپ کو یاد کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا:
مزاحیہ اداکار جانی لیور کا کہنا ہے کہ انہوں نے سب سے پہلے جس فنکار کے ساتھ کیمرہ فیس کیا وہ جگدیب بھائی تھے:
منوج واجپائی نے جگدیب کی یادوں کو دہراتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے:
ایوشمان کھرانہ کہتے ہیں:
ابھیشیک بچن نے ان کی تعریف کرتے ہوئے ان کی خدمات کا برملا اعتراف کیا ہے:
فلم نگر کے دیگر اور بہت سارے فنکاروں نے جہاں جگدیپ کی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے وہیں ان کی صلاحیتوں کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں زبردست خراج عقیدت بھی پیش کیا ہے۔
ان فنکاروں میں آفتاب شیو دسانی، رتش دیش مکھ، رندیپ ہدا، ارشد وارثی، انوپم کھیر، رنویر سنگھ، فرح خان، فرحان اختر، شلپا شیٹھی اور جاوید اختر وغیرہ شامل ہیں۔