وائس آف امریکہ اردو کی میڈیم ویو ریڈیو نشریات کا سلسلہ منگل کی صبح اپنے اختتام کو پہنچا۔ لیکن وائس آف امریکہ اردو پاکستان اور دنیا بھر میں اپنے لاکھوں سننے والوں، ناظرین اور قارئین سے ٹیلی ویژن، ڈیجیٹل ویڈیوز، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور اردو وی او اے کی ویب سائٹ کی وساطت سےجڑا رہے گا۔
وائس آف امریکہ اردو کے صحافیوں کی ٹیم آپ کو تازہ ترین خبروں کے ساتھ حالات حاضرہ اور اہم موضوعات پر معلومات مہیا کرتی رہے گی۔
وائس آف امریکہ اردو کی ریڈیو نشریات کا آغاز نیویارک سے سن پچاس کے عشرے کے اوائل میں کیا گیا تھا۔ یہ نشریات بعد میں واشنگٹن منتقل کردی گئی تھیں اور ماسوائے ایک مختصر دورانیے کے تعطل کے، وائس آف امریکہ اردو سے مستقل بنیادوں پرتازہ ترین خبریں اور حالات حاضرہ سے متعلق معروضی اور غیر جانب دارانہ نقطہ نظر پیش کیا جاتا رہا ہے۔
وائس آف امریکہ کی اردو ریڈیو نشریات کو ختم کرنے کا موجودہ فیصلہ نشریات اور ذرائع ابلاغ کے شعبے میں نئی ٹیکنالوجی کی ترویج کے پیش نظر کیا گیا ہے تاکہ ان سے پورا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے سامعین، قارئین اور صارفین سے اپنے رابطے کو بہتر اور جدید انداز سے استوار رکھا جائے۔
گزشتہ چند عشروں میں وائس آف امریکہ اردو نے اپنے لاکھوں سامعین سے جس طرح کی وابستگی قائم کی اور جنوبی ایشیا میں اپنے سننے والوں سے اس نے جو رشتہ استوار کیا،وہ اعتماد اور محبت کی ایک طویل کہانی ہے، جو نئے رنگ و روپ کے ساتھ جاری رہے گا۔
وائس آف امریکہ اردو کی ٹیم میں شامل انتہائی تجربہ کار صحافی اور براڈ کاسٹرز ابلاغ اور اطلاعات کے جدید طریقوں اور وسیلوں کے ذریعے اپنے سامعین، ناظرین اور قارئین کے ساتھ ہمیشہ کی طرح آئندہ بھی جڑے رہیں گے۔
اور جیسا کہ ہمارا نظریہ ہے کہ 'خبریں اچھی بھی ہو سکتی ہیں اور بری بھی لیکن ہم آپ تک سچ اور درست خبریں مسلسل پہنچاتے رہیں گے۔'