رسائی کے لنکس

پینس کی فون پر صدر غنی سے گفتگو، داعش کے حملوں میں جانی نقصان پر اظہارِ تعزیت


نائب امریکی صدر مائیک پینس نے جمعے کے روز ٹیلی فون پر افغان صدر اشرف غنی سے گفتگو کی۔

ایک بیان میں وائٹ ہاؤس نے بتایا ہے کہ نائب صدر نے داعش کے حالیہ حملوں میں افغان عوام کی ہلاکتوں پر انتظامیہ کی جانب سے تعزیت کا اظہار کیا، جو اپنے ملک کے انتخابی عمل میں شرکت کے خواہاں ہیں۔

مائیک پینس نے جمہوری انتخابات کے انعقاد اور سیاست میں سب کی شمولیت کی اہمیت کو اجاگر کیا، جو حکومتِ افغانستان کے طویل مدتی استحکام اور مؤثر ہونے کے لیے لازم ہے۔

موسم بہار‘ کی کارروائی کے بارے میں طالبان کے حالیہ اعلان کے جواب میں، امریکی نائب صدر نے امریکہ اور بین الاقوامی برادری کی جانب سے اِس بات کا اعادہ کیا کہ جنوبی ایشیا سے متعلق صدر ٹرمپ کی حکمتِ عملی کے تحت افغان حکومت اور سلامتی افواج کا ساتھ دیا جائے گا اور حمایت جاری رکھی جائے گی۔

ادھر، اِس ضمن میں اپنے ایک ٹوئٹ میں صدر غنی نے کہا ہے کہ امریکی نائب صدر مائیک پینس نے آج شام گئے اُن سے گفتگو کی جس میں اُنھوں نے ’’کابل اور دیگر صوبوں میں ہونے والے حالیہ المناک حملوں میں جانی نقصان پر دل کی گہرائی کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا‘‘۔

XS
SM
MD
LG