چار جولائی 2023 کو امریکی اپنا 185وا ں یوم آزادی منا رہے ہیں صدر جو بائیڈن اس موقعے پر وائٹ ہاؤس میں متعدد تقریبات میں شرکت کر رہے ہیں۔ واشنگٹن کی تقریبات میں پریڈز، آتشبازی اور وائٹ ہاؤس میں بار بی کیو شامل ہیں ۔
امریکی صدر اور خاتون اول جل بائیڈن نے یوم آزادی کے موقع پرواشنگٹن میں آئیزن ہاور ایکزیکٹیو آفس بلڈنگ میں نیشنل ایجو کیشن ایسو سی ایشن کے ساتھ ایک تقریب میں شرکت کی ۔صدر نےاس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تسلیم کیا کہ اساتذہ گن وائلنس کے اگلے نشانوں پر ہیں اور انہوں نے کہا کہ کانگریس کو گن کنٹرول کی قانون سازی کے لیے آگے بڑھنا چاہیے۔
انہوں نے یہ خطاب منگل کو وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری اس بیان کے بعد کیا جس میں کہا گیا کہ گن وائلنس کی وبا سے نمٹنے کے لیے ، پہلے سے کہیں زیادہ اقدامات کی ضرورت ہے ۔
صدر بائیڈن، پروگرام کے مطابق شام کو وائٹ ہاؤس میں حاضر اور سابق فوجی خاندانوں کے ساتھ ایک تقریب سے خطاب کریں گے۔
وائٹ ہاؤس کی تقریبات میں بار بی کیو کے اہتمام کے ساتھ ساتھ واشنگٹن کے نیشنل مال میں ہونے والے فائر ورکس دکھانے کا بندو بست بھی کیا جائے گا۔
امریکی کیپیٹل گراؤنڈز میں یوم آزادی کا سالانہ کنسرٹ ہو گا جسے ٹیلی وژن پر براہ راست نشر کیا جائے گا۔ اس سال کے فنکاروں میں شکاگو، بے بی فیس، نیشنل سمفنی آرکیسٹرا اور یو ایس آرمی بینڈ شامل ہو گا۔
منگل کو واشنگٹن کونسٹی ٹیوشن ایونیو پر یومِ آزادی کی روائتی پریڈ بھی ہو گی۔
تاریخی اعتبار سے چار جولائی کو کچھ امریکی صدور پبلک سے دور مناتے تھے ۔
وہ ساحل ، پہاڑوں، گولف کورس، فارمز ، رینچز پر یہ دن گزارتے تھے جب کہ کچھ صدور عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے تھے ۔
جیسےجارج ڈبلیو بش نے تارکین وطن کو نئے شہری کے طور پر خوش آمدید کہتے ہوئے ایک تقریب منعقد کی ، براک اوباما نے فوجیوں کے لیے ساؤتھ لان میں باربی کیو کا اہتمام کیا ۔ بل کلنٹن چیسپیک بے کے ساحل پر فریڈم نامی عقاب کو جنگل میں آزاد کرتے ہوئے دیکھنے گئے ۔
جو بائیڈن نے 2021 میں وائٹ ہاؤس کے جنوبی لان میں 1,000 سے زیادہ لوگوں کو برگر کھانے اور آتش بازی دیکھنے کے لیے جمع کیا۔ یہ واقعہ اس لیے قابل ذکر تھا کہ کورونا وائرس پینڈیمک کے پہلے سال میں اس طرح کے اجتماعات کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا تھا۔
چار جولائی کو امریکی تاریخ کے متعدداہم واقعات بھی پیش آئے ، جیسے 4 جولائی 1776 کو فلاڈلفیا میں سیکنڈ کونٹی نینٹل کانگریس نے اعلانِ آزادی منظور کیا۔
1802 میں امریکی فوجی اکیڈیمی نے سرکاری طور پر ویسٹ پوائنٹ نیو یارک کا افتتاح کیا۔
1826 میں سابق صدر جان ایڈمز اور تھامس جیفرسن دونوں کا انتقال ہوا ۔جب کہ امریکہ کے پانچویں صدر جیمز منرو کا انتقال چار جولائی 1831 میں ہوا ۔
اس رپورٹ کا مواد اے پی اور رائٹر ز سے لیا گیا ہے۔