رسائی کے لنکس

آتش بازی: امریکہ میں یومِ آزادی کے جشن کا لازمی حصہ


چار جولائی، امریکہ کے یومِ آزادی پر آتشبازی کا ایک منظر۔ فوٹواے پی 4 جولائی 2022
چار جولائی، امریکہ کے یومِ آزادی پر آتشبازی کا ایک منظر۔ فوٹواے پی 4 جولائی 2022

چار جولائی امریکہ کا یومِ آزادی، امریکی روایات اور اقدار کی بھر پور عکاسی کرتا ہے۔ اس روز امریکی ثقافت کا خاص اظہاربار بی کیوز کے اہتمام، پریڈز اور آتش بازی کے ذریعے کیا جاتا ہے۔

لیکن کیا آپ تصور کر سکتے ہیں کہ یومِ آزادی پر خوشی کا یہ دھماکہ خیز اظہار اسے خطرناک بھی بنا دیتا ہے اور کوئی دس ہزار سے زیادہ لوگوں کو ایمر جینسی میں ہسپتال جانا پڑتا ہے۔

مگر پھر بھی اس روز کا بڑا جشن آتش بازی ہے اور یہ خوشی 247 سال سے منائی جا رہی ہے۔

چار جولائی امریکہ کے یومِ آزادی کی ابتداء

چار جولائی کو امریکہ کا یومِ آزادی منانے کی ابتداء تب ہوئی جب امریکہ کی دوسری کانٹی نینٹل کانگریس نے 1776 میں اعلانِ آزادی کو متفقہ طور پر منظور کر لیا اور یوں امریکی نو آبادیوں نے سلطنتِ برطانیہ سے علیحدگی اختیار کر لی۔

اس کے ایک سال بعد ' لائبریری آف کانگریس' کے مطابق، فلا ڈلفیا میں امریکہ کا یومِ آزادی منایا گیا۔

فائل فوٹو
فائل فوٹو

اگرچہ امریکہ میں توسیع جاری تھی لیکن آزادی کے جشن کا مرکز کہاں ہوگا، اس کا اعلان 1812 کے بعد ہی کیا جا سکا۔

اس کے لیے ایک مرتبہ پھر حوالہ لائبریری آف کانگریس' ہی کا ہے جس کے مطابق 19ویں صدی کے امریکہ کے دو بڑے تعمیراتی منصوبوں، "ایری کینال" اور بالٹی مور اور اوہائیو کے درمیان ریل روڈ کی تعمیر کا اعلان بھی چار جولائی کی تقریبات کے دوران کیا گیا۔

آتش بازی، جشنِ آزادی کا حصہ کیسے بنی؟

جشنِ آزادی میں آتش بازی اور پٹاخے ابتداء ہی سے شامل ہو گئے جب امریکہ کے بانیوں میں سے ایک، صدرجان ایڈمز نے اسے خوشی کے اظہار کا ذریعہ قرار دیتے ہوئے 3جولائی 1776کو اپنی بیوی کے نام ایک خط میں لکھا،" امریکہ کی آزادی کے جشن کی تعظیم، آج سے آنے والے وقتوں تک ہمیشہ،اس برِ اعظم کے ایک سرے سے دوسرے سرے تک، پریڈ،جلوس، کھیلوں، بندوقوں، گھنٹیوں، روشنیوں اور آگ کے گرد جشن سے کی جانی چاہئیے۔"

چار جولائی ، امریکہ کے یومِ آزادی پر نیویارک میں آتشبازی فوٹو اے ایف پی 4 جولائئ 2022
چار جولائی ، امریکہ کے یومِ آزادی پر نیویارک میں آتشبازی فوٹو اے ایف پی 4 جولائئ 2022

آتش بازی امریکہ کے وجود میں آنے سے بہت پہلے ہی موجود تھی۔ " امیریکن پائیرو ٹیکنکس ایسو سی ایشن" کے مطابق بہت سے تاریخ دانوں کا خیال ہے کہ آتش بازی پہلی مرتبہ دوسری صدی قبل مسیح میں قدیم چین میں شروع کی گئی جب لوگ بانس کی شاخیں آگ میں جلاتے تھے اور ان سے پٹاخے چھوٹتے تھے۔

ایسوسی ایشن کے مطابق، پندرھویں صدی تک آتش بازی یورپ میں مذہبی تقریبات اور عام لوگوں کے لطف کے لیے استعمال ہونے لگی اور امریکہ کے ابتدائی آباد کاروں نے ان روایات کو اپنا لیا۔

اور اب دو صدیاں گزرجانے کے بعد بھی آتش بازی کی یہ روایت موجود ہے۔ بلکہ گزشتہ دو عشروں میں تو اس میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔

امریکہ میں " پائیرو ٹیکنکس ایسو سی ایشن" کے مطابق 2000 میں امریکیوں نے آتشبازی پر 40کروڑ 70لاکھ ڈالر خرچ کیے جبکہ 2022 تک یہ رقم بڑھ کر 2.3 ارب ڈالر تک پہنچ گئی۔

اور اس سال اندازہ ہے کہ آتشبازی کی خریداری پر صرف ہونے والی اس رقم میں 10 کروڑ ڈالر تک کا اضافہ ہو جائے گا۔

کیا آتشبازی خطرناک ہے؟

امریکہ جیسے ملک میں جہاں تعلیم عام اور زندگی کو لاحق خطرات سے آگاہی اور حفاظتی انتطامات بہترین حد تک موجود ہیں، ہر سال ہزاروں امریکی آتشبازی سے زخمی ہو جاتے ہیں۔

صارفین کے تحفظ کے لیے قائم،"کنزیومر پراڈکٹ سیفٹی کمشن" کی رپورٹ ہے کہ 2022 میں ایمرجنسی رومز میں 10 ہزار دو سو زخمیوں کا علاج کیا گیا اور آتشبازی نے 11 لوگوں کی جان لے لی۔ ان میں سے تقریباً تین تہائی لوگ چار جولائی یا اس کے لگ بھگ کے دنوں میں زخمی ہوئے۔

امریکی شہری کنیٹیکٹ میں آتشبازی کا سامان خریدتے ہوئے۔ فوٹو اے پی 30 جون 2023
امریکی شہری کنیٹیکٹ میں آتشبازی کا سامان خریدتے ہوئے۔ فوٹو اے پی 30 جون 2023

ان میں ایک تہائی لوگوں کو زیادہ تر زخم سر، چہرے، کانوں یا آنکھوں پر آئے۔

سینٹ لوئی کے ایک ہسپتال میں ایمر جنسی کے شعبے کی فزیشن، ڈاکٹر ٹیفینی اوس برن کہتی ہیں کہ انہوں نے دیکھا لوگوں کی انگلیاں اڑ گئیں، وہ کہتی ہیں،" میں نے لوگوں کی آنکھیں جاتے دیکھی ہیں۔ لوگوں کے منہ پر شدید زخم دیکھے ہیں۔"

مشاہدے میں آیا ہے کہ آتشبازی سے زخمی ہونے والوں میں ایک تہائی،عموماً15 سال سے کم عمر بچے ہوتے ہیں

آتشبازی کا شوق آپ کو بھی ہے تو خیال رہے

  • آپ کھلی اور سخت جگہ پر ہوں اور آس پاس ایسی کوئی چیز نہ ہو جو آگ پکڑ سکتی ہے
  • بچے پٹاخے کو آگ کبھی نہ لگائیں
  • اپنے قریب پانی کی بالٹی یا ٹیوب ضرور رکھیں
  • پٹاخے کو آگ لگا کر فوراً پیچھے ہٹ جائیں
  • اگر ایک مرتبہ آگ لگانے سے آتشبازی نہیں چلی تو دوبارہ کوشش نہ کریں
  • نہ ہی خراب ہوئے پٹاخے کو چھونے کی کوشش کریں
  • شوق پورا ہو جائے تو چلے ہوئے پٹاخے جمع کر کے ان پر پانی ڈال دیں

سمجھ لیجیے احتیاط ہی بچاؤ کا بہترین طریقہ ہے ورنہ خوشی بھلے آزادی ہی کی کیوں نہ ہو، اس میں آگ لگ سکتی ہے۔

اس رپورٹ کا مواد اے پی سے لیا گیا ہے ۔

XS
SM
MD
LG