چیری بلاسم فیسٹیول کو واشنگٹن میں بہار کی آمد کا نقیب سمجھا جاتا ہے۔ موسم بہار کے اس میلے کے دوران طرح طرح کی تقریبات منقعد کی جاتی ہیں جن میں سے ایک کہلاتا ہے۔کائیٹ فیسٹول،یعنی پتنگ اڑانے کا تہوار۔ اس موقع پر بہت سے لوگ واشنگٹن میں آکر پتنگیں اڑانے کا اپنا شوق پورا کرتے ہیں۔مگر یہاں کے پتنگ اور اس سے منسلک روایات ہمارے ہاں سے بہت مختلف ہیں۔ یہاں نہ پتنگیں لڑائی جاتی ہیں۔ نہ بوکاٹا کے نعرے لگتے ہیں۔۔بس آسمان مختلف رنگوں، اشکال اور انداز کی پتنگوں سے بھرا نظر آتاہے۔
پتنگ بازی کی روایت کا آغاز چین سے ہوا، بعد میں یہ روایت مختلف خِطوں تک پہنچنا شروع ہوئی۔ بر ِ صغیر میں رفتہ رفتہ بہار کی آمد کے ساتھ ہی پتنگ بازی یا بسنت ایک تہوار کی شکل اختیار کر گیا۔ مشرقی ثقافت کے گڑھ لاہور میں بہار کو بسنت کی آمد سے تشبیہ دی جاتی ہے۔ جہاں زندہ دلان ِ لاہور بہار کے رنگوں کو بسنت کے رنگو ںمیں ڈھالنے کا فن بخوبی جانتے ہیں۔
لیکن بہار کے یہ رنگ صرف مشرق کو ہی حسین نہیں بناتے ، امریکی دارالحکومت میں بھی بہار اپنی پوری خوشنمائی کے ساتھ اترتی ہے۔اور بہار کے انہی رنگوں میں سب سے خوبصورت رنگ چیری کے درختوں کے ہوتے ہیں جس کے سفید و گلابی پھول پورے واشنگٹن میں ایک سماں سا باندھ دیتے ہیں۔ دریائے پوٹامک ہو یا واشنگٹن مونومنٹ، ہر جگہ یہ خوبصورت رنگ بہار کے موسم کو چار چاند لگاتے دکھائی دیتے ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اب امریکہ میں بھی موسم بہار میں پتنگ اڑانے کا شوق بڑھتا جارہاہے۔واشنگٹن میں پتنگ بازی چیری بلاسم فیسٹیول کا ایک حصہ ہے اور یہ شوق واشنگٹن مونومنٹ کے میدان میں پورا کیا جاتا ہے۔ وہاں صبح سے ہی لوگ اپنے خاندانوں اور دوستوں کے ساتھ پتنگیں اڑانے کےلیے پہنچ جاتے ہیں۔
پتنگیں اڑانے کے اس میلے میں نہ صرف امریکہ بلکہ دنیا کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے افراد بھی شرکت کرتے ہیں۔ یہاں پاکستان کے برعکس مختلف اشکال کی پتنگیں اڑانے کا رواج ہے۔ یہاں پتنگیں اڑانے کا مقابلہ بھی ہوتا ہے اور جیتنے والوں کو انعام بھی دیا جاتا ہے۔
اس میلے میں امریکی بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں اور اپنے بچوں کو پتنگ اڑانا سکھاتے ہیں ۔ اس کے ساتھ ساتھ جنوبی ایشیائی باشندے بھی پتنگیں اڑا کر بسنت کی یادوں کو تازہ کرتے ہیں۔
واشنگٹن میں چیری بلاسم فیسٹیول کا انتظار تمام سال کیا جاتا ہے تاکہ موسم ِ بہار کا استقبال تہوار کے ساتھ کرکے اس کی رونق کو دوبالا کیا جا واشنگٹن کی اس پتنگ بازی کا موازنہ یقینا لاہور کی بسنت سے تو نہیں کیا جا سکتا ،لیکن امریکہ میں ہونے والی یہ پتنگ بازی اپنے اندر انفرادیت لیے ضرور ہے۔