رسائی کے لنکس

پی سی بی کی ویڈیو پر وسیم اکرم کا ردِعمل: 'سیاسی اختلاف ایک طرف، عمران خان کرکٹ آئیکون ہیں'


فائل فوٹو
فائل فوٹو

لیجنڈ فاسٹ بالر اور 1992 کی ورلڈ کپ ٹیم کا حصہ رہنے والے وسیم اکرم نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی جاری کردہ ایک حالیہ ویڈیو پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا ہے سیاسی اختلاف ایک طرف لیکن عمران خان دنیائے کرکٹ کے ایک آئیکون ہیں۔

وسیم اکرم کا یہ بیان پی سی بی کی اس ویڈیو پر سامنے آیا جس کے ریلیز ہونے کے بعد سے کرکٹ بورڈ شدید تنقید کی زد میں ہے۔

پی سی بی پر نہ صرف تنقید ہو رہی ہے بلکہ پاکستان میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' (سابقہ ٹوئٹر) پر #ShameOnPCB کا ہیش ٹیگ بھی دو روز سے ٹرینڈ کر رہا ہے۔

اس ویڈیو پر بدھ کو وسیم اکرم نے بھی ردِ عمل دیا ہے جب کہ دو روز سے اس پر بحث جاری ہے جب کہ اس پر میمز کی بھی بھرمار ہے۔

وسیم اکرم نے 'ایکس' پر اپنے پیغام میں لکھا کہ طویل سفر کر کے سری لنکا پہنچنے پر مجھے اس وقت صدمہ پہنچا جب میں نے پی سی بی کی پاکستان کرکٹ کی تاریخ پر ایک مختصر ویڈیو دیکھی جس میں 'گریٹ عمران خان' کو مائنس کیا گیا تھا۔

فاسٹ بالر نے لکھا کہ سیاسی اختلاف ایک طرف لیکن عمران خان دنیائے کرکٹ کے ایک آئیکون ہیں۔ انہوں نے اپنے دور میں پاکستان کو ایک مضبوط یونٹ کے طور پر تیار کیا اور ہمیں راستہ دیا۔

وسیم اکرم نے کہا کہ پی سی بی کو ویڈیو ڈیلیٹ کر کے معافی مانگنی چاہیے۔

پی سی بی کی ویڈٰیو میں کیا ہے؟

پاکستان کرکٹ بورڈ نے 14 اگست کو پاکستان کے یومِ آزادی کے موقع پر پاکستان کرکٹ کی تاریخ پر ایک ویڈیو جاری کی تھی۔

اس ویڈیو میں سن 1952 سے لے کر اب تک کے اہم کرکٹ لمحات کے مناظر پیش کیے گئے ہیں۔

مگر ویڈیو پر تنقید کی وجہ 1992 میں ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کے قائد عمران خان کی غیر موجودگی بنی۔

ویڈیو میں 1992 ورلڈ کپ کی فاتح پاکستان ٹیم کے مختلف کھلاڑیوں کو ٹرافی تھامے دکھایا گیا ہے لیکن عمران خان اس میں کہیں دکھائی نہیں دیے۔

اگرچہ اس ویڈیو کے تھمب نیل پر عمران خان کی تصویر موجود ہے۔ لیکن ویڈیو کے اندر 34 سیکنڈ پر عمران خان کی بس ایک جھلک نظر آتی ہے جو کہ پلک جھپکتے کے ساتھ ہی غائب ہو جاتی ہے۔

یعنی ویڈیو میں جس جگہ 1992 ورلڈ کپ کی ٹرافی تھامے عمران خان کی ایک جھلک نظر آئی وہ ایک ٹرانزیشن کی صورت میں تھی۔

اس معاملے پر اگرچہ اب تک پی سی بی کا کوئی ردِ عمل سامنے نہیں آیا۔ لیکن ویڈیو کی ریلیز کے ساتھ ہی شائقین اس پر ردِ عمل دے رہے ہیں۔

پی ٹی آئی کے رہنما فیصل جاوید خان نے 'ایکس' پر لکھا کہ ہر جگہ 'عمران خان'، 'عمران خان' ہیں۔ خاص طور پر تب جب آپ لیجنڈ کو نہیں دکھاتے۔ شکریہ پی سی بی!

صحافی وجاہت کاظمی نے لکھا کہ پی سی بی نے کتنی آسانی سے عمران خان کو نظر انداز کردیا ، اس کے باوجود کے وہ پاکستان کے بہترین کرکٹرز میں سے ایک ہیں اور واحد او ڈی آئی ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کی قیادت کر چکے ہیں۔ انہوں نے اسے پی سی بی کا شرمناک عمل قرار دیا۔
امل خان نامی ایک صارف نے لکھا کہ عمران خان واحد شخص ہے جس نے ملک کو ورلڈ کپ جیتوایا۔ آپ ان سے اختلاف کرسکتے ہیں لیکن وہ ایک لیجنڈ ہیں اور دنیا ان سے پیار کرتی ہے۔

فورم

XS
SM
MD
LG