پاکستان میں توانائی کا بیشتر حصہ پانی سے پیدا کیا جاتا ہے۔ اور جب ڈیم میں پانی کم ہو، تو ضرورت کے حساب سے بجلی بھی پیدا نہیں کی جا سکتی۔ لیکن یہ مسئلہ صرف پاکستان تک ہی محدود نہیں۔حال ہی میں ریلیز ہونے والی‘Last call at the oasis’ نامی ایک امریکی فلم کے مطابق لوگوں میں پانی کی قلت، اس قدرتی وسیلے کے ضائع کیے جانے، اور اس کی کمی کی وجہ سے فسادات کے امکانات کے بارے مزید آگہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔
آبی حیوانات اور نباتات کے ماہر ٹائم بیرنیٹ کے مطابق امریکہ کے جنوب مغربی خطے میں دریا کے نظام کولوریڈو میں پانی کم ہوتا جا رہاہے۔ اور ریاست ایریزونا اور نیواڈا کی سرحد پر واقع ہوور ڈیم میں پانی کی سطح ہر سال تین میٹر کے حساب سےگر رہی ہے۔ اور اب ڈیم میں اس کے گنجائش کے مقابلے میں صرف 40 فی صد پانی ہے۔
اگر پانی کی سطح مزید 10 میٹر گرگئی تو یہ ڈیم ریاستوں کیلی فورنیا، نیواڈا اور ایری زونا کی بجلی کی ضروریات پوری نہیں کر سکے گا۔ کئی دوسرے سائنسدان بھی جیسکا یو کی اس فلم سے متفق ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ 2025ءتک دنیا کی نصف آبادی کو پانی تک رسائی حاصل نہیں رہے گی۔
آواز بلند کرنے والوں میں ماحولیاتی تحفظ کےلیے سرگرم کارکن ایرن بروکووچ بھی شامل ہیں۔ جنہوں نے 1996ءمیں کیلیفورنیا کے ایک پاور پلانٹ کے خلاف پانی میں زہریلے مادے خارج کرنے کے الزام پر ایک مقدمے میں نمایاں کردار ادا کیا تھا۔
اس کہانی پر ایک فلم بھی بنی تھی، جس میں جولیا رابرٹ نے ایرین بروکووچ کا کردار ادا کیا تھا۔
بروکووچ کہتی ہیں کہ امریکیوں کو اب خطرے کا اندازہ ہو جانا چاہیے۔ وہ آج بھی مختلف مسائل کے حل کے لیے سیاست دانوں اور کاپوریشنز ہی نہیں بلکہ امریکی محکمہ برائے ماحولیاتی تحفظ تک کے موقف کا مقابلہ کر رہی ہیں، جو ان کے مطابق لاتعلقی ظاہر کر رہا ہے۔
وہ کہتی ہیں کہ میں ہمیشہ اس محکمے کو امریکہ کے عظیم ترین اداروں میں تصور کرتی تھی۔ لیکن پتا نہیں کیوں وہ اتنی بری طرح ناکام ہوا۔ 1991ء میں جب سے میں نے کیلیفورنیا میں کام کرنا شروع کیا تھا، اس وقت سے یہ ادارہ کبھی ان کوششوں میں شامل نہیں ہوا۔
امریکی محکمہ برائے ماحولیاتی تحفظ EPA نے اس موضوع پر بیان دینے سے انکار کیا لیکن ایک دوسرے بیان میں کہا کہ EPA ماحول دوست اقدامات کر رہا ہے تاکہ پانی کی آلودگی کم ہو، کمیونٹیاں شاداب ہوں، اور مزید ملازمتیں پیدا ہوں۔
لیکن اس فلم میں یونیورسٹی آف کیلیفورنیا کے ایک سائنس دان ٹائرون ہیز کہتے ہیں کہ جڑی بوٹیاں مارنے کی دوائیں پانی میں شامل ہو کر جانوروں اور انسانوں دونوں کےلیے خطرناک ثابت ہو سکتی ہیں۔
انہیں یقین ہے کہ قانون سازی کے ذریعے یہ مسئلہ حل کیا جا سکتا ہے۔ لیکن فلم Last call at the oasis میں ایرین بروکووچ سیاست دانوں پر بھروسے کا اظہار بالکل نہیں کرتیں۔
لیکن فلم کا مرکزی پیغام یہی ہے کہ اگر لوگ ذمہ داری قبول کرلیں اور اس مہم میں شامل ہو جائیں، تو صورت حال ابھی بھی بدلی جا سکتی ہے۔