عالمی کرکٹ کپ کے آغاز سے پہلے منگل کے روز برسٹل میں کھیلے گئے ایک پریکٹس میچ میں ویسٹ انڈیز نے نیوزی لینڈ کو 91 رنز سے شکست دی۔
پہلے کھیلتے ہوئے، ویسٹ انڈیز نے 421 رنز اسکور کیے جس میں چھکوں اور چوکوں کی مدد سے شائی ہوپ نے 101 جبکہ آندرے رسل نے 54 رنز اسکور کیے۔
وارم اپ میچ میں ایون لوئس نے 50، جیسن ہولڈر نے 47 جبکہ کرس گیل نے 36 رنز بنائے۔
ادھر نیوزی لینڈ کی جانب سےشاندار بولنگ کرتے ہوئے، ٹرینٹ بولٹ نے ویسٹ انڈیز کے چار جبکہ میٹ ہینری نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
بولٹ نے ویسٹ انڈیز کے جن چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ان میں گیل، ہوپ، رسل اور روچ شامل ہیں۔
جواب میں، 422 رنز کا تعاقب کرتے ہوئے، نیو زی لینڈ کی پوری ٹیم 47.2 اوورز میں 330 رن بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
نیوزی لینڈ کے ٹاپ اسکوررز میں ٹوم بلینڈل نے 106 جبکہ ولیمسن نے 85 رنز اسکور کیے۔
پچھلے جمعے کو افغانستان نے برسٹل ہی میں کھیلے گئے پہلے وارم اپ میچ میں پاکستان کو 3 وکٹوں سے ہرا دیا تھا۔
افغانستان کو میچ جیتنے کے لئے 263 رنز کا ہدف ملا تھا جو اس نے 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
اس ہار کے ساتھ ہی کرکٹ سے گہری دلچسپی رکھنے والوں کا کہنا ہے کہ کم تجربہ کار ٹیم ہونے کے باوجود پاکستان جیسی تجربہ کار ٹیم کو ہرانا افغانستان کے لئے فخر اور خود پاکستان سمیت کئی ٹیموں کے لئے خطرے کی گھنٹی ہے۔