رسائی کے لنکس

ڈراپ کیچز ویسٹ انڈیز کے خلاف شکست کا باعث بنے: بابر اعظم


کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ پہلی اننگز میں اہم مواقع پر وکٹیں گرنے سے ٹیم بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہی۔
کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ پہلی اننگز میں اہم مواقع پر وکٹیں گرنے سے ٹیم بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہی۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست کی بڑی وجہ بیٹنگ میں خامیوں اور ڈراپ کیچز کو قرار دیا ہے۔

خیال رہے کہ جمیکا میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو ایک وکٹ سے شکست دے دی تھی۔

میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعظم کا کہنا تھا کہ جب آپ اہم مواقع پر کیچز چھوڑتے ہیں تو مخالف ٹیم کو گیم میں واپس آنے کا موقع ملتا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ پہلی اننگز میں اہم مواقع پر وکٹیں گرنے سے ٹیم بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہی جب کہ آخری سیشن میں کیچز کی صورت میں جو دو مواقع ہاتھ آئے تھے اگر ہم انہیں ضائع نہ کرتے تھے میچ کا نتیجہ مختلف ہوتا۔

خیال رہے کہ پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کی ٹیم پہلی اننگز میں 217 بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی جب کہ میزبان ویسٹ انڈیز نے 253 رنز بنائے تھے۔

پاکستان نے دوسری اننگز میں 203 رنز بنا کر ویسٹ انڈیز کو میچ جیتنے کے لیے 168 رنز کا ہدف دیا تھا۔

ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کو بھی مشکلات کا سامنا رہا اور اس کے سات کھلاڑی 114 رنز کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد پاکستان کے میچ جیتنے کی اُمیدیں روشن ہو گئیں۔

ایک موقع پر 151 رنز کے مجموعی اسکور پر ویسٹ انڈیز کے نو کھلاڑی پویلین لوٹ گئے جس کے بعد میزبان ٹیم کو 17 جب کہ پاکستان کو میچ جیتنے کے لیے ایک وکٹ درکار تھی۔

کیمار روچ اور جیڈن سیلز کریز پر موجود تھے جنہوں نے ویسٹ انڈیز کو فتح دلا دی۔

پاکستانی فیلڈرز نے روچ کے دو کیچز چھوڑے اور اس طرح وہ 30 رنز کی فیصلہ کن اننگز مکمل کرنے میں کام یاب رہے۔

اس میچ میں 19 سالہ جیڈن سیلز ٹیسٹ میچ میں پانچ وکٹیں لینے والے ویسٹ انڈیز کے کم عمر ترین بولر بن گئے۔

XS
SM
MD
LG