حال ہی میں نیٹ فلکس کی مشہور سیریز 'دی کراؤن' کے چھٹے اور آخری سیزن کا ٹریلر ریلیز کیا گیا ہے۔ یہ سیزن برطانیہ کی شہزادی ڈیانا کی زندگی کے آخری ایام اور ان کی موت کے بعد شاہی خاندان پر پڑنے والے اثر کے گرد گھومے گا۔
سیریز کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک ہی سیزن کو دو حصوں میں پیش کیا جائے گا۔ سیزن 6 کا پہلا حصہ 16 نومبر جب کہ دوسرا حصہ 14 دسمبر کو ریلیز ہوگا۔
'دی کراؤن' کے پانچویں سیزن میں پاکستانی اداکار ہمایوں سعید نے ڈاکٹر حسنات کا کردار ادا کیا تھا۔ لیکن اس بار ان کی چھٹے سیزن میں شرکت کے حوالے سے کوئی اعلان سامنے نہیں آیا ہے نہ ہی ان کی کوئی جھلک نظر آئی ہے۔
'دی کراؤن' کا چھٹا اور آخری سیزن ملکہ ایلزبتھ دوم کی وفات کے بعد پروڈیوس ہونے والا پہلا سیزن ہے۔اس سے قبل تمام سیزن جب تکمیل کے مراحل سے گزر ا تھا تب ملکہ برطانیہ حیات تھیں۔
اس سیریز کی کہانی ملکہ ایلزبتھ اور ان کے شوہر پرنس فلپ کی زندگی کے گرد گھومتی آئی ہے، جو دونوں کرداروں کی شادی سے شروع ہوئی تھی اور شائقین پرامید ہیں کہ اس کا اختتام بھی اچھے نوٹ پر ہوگا۔
'دی کراؤن'ایک ایسی سیریز ہے جس میں گزشتہ صدی کے دوران برطانوی شاہی خاندان پر گزرنے والے واقعات کی عکاسی کی گئی ہے۔
پہلے سیزن میں دکھایا گیا کہ کس طرح ملکہ ایلزبتھ کے والد جارج کو ان کے بھائی کنگ ایڈورڈ کے سبکدوش ہونے کے بعد بادشاہت ملی اور کیسے انہوں نے اپنی سب سے بڑی بیٹی کو اس کے لیے تیار کیا۔
اس کے بعد آنے والے چار سیزن میں سابق ملکہ برطانیہ ایلزبتھ دوم کی بادشاہت کے ان اہم واقعات کی عکاسی کی گئی ہے جس کی وجہ سے ان کی نجی زندگی اور عوام دونوں متاثر ہوئے۔ جن میں اپنے چچی والس سمپسن کو شاہی ٹائٹل سے نہ نوازنا، بیٹے شہزادہ چارلس کی شادی اور اس کے بعد مسائل، مختلف ورزائے اعظم اور سیاسی لیڈروں کے ساتھ ملکہ کے تعلقات شامل ہیں۔
سیریز کو اس کی پروڈکشن کوالٹی کی وجہ سے تو کئی ایوارڈز سے نوازا گیا لیکن اداکارہ ڈیم جوڈی ڈینچ سمیت کئی افراد نے پروڈیوسرز پر الزام لگایا ہے کہ وہ 'دی کراؤن' میں تاریخ مسخ کرکے بیان کررہے ہیں۔
سیریز کے چوتھے اور پانچویں سیزن میں شہزادہ چارلس اور ڈیانا کے تعلقات کو جس انداز میں پیش کیا گیا اسے شاہی خاندان نے پسند نہیں کیا۔
چونکہ سیریز کے پانچویں سیزن کا اختتام شہزادی ڈیانا اور شہزادہ چارلس کی طلاق پر ہوا تھا۔ اب چھٹا سیزن اس کے بعد پیش آنے والے واقعات کے گرد گھومے گا جس میں سب سے زیادہ اہم ڈیانا کی حادثاتی موت ہوگی۔
اس سیزن میں بھی زیادہ تر وہی اداکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے جو پانچویں سیزن کا حصہ تھے، جیسے امیلڈا اسٹونٹن ملکہ ایلزبتھ دوم کے کردار میں نظر آئیں گی، جوناتھن پرائس پرنس فلپ اور ڈومینیک ویسٹ پرنس چارلس کا کردار نبھائیں گے جب کہ ایلزبتھ ڈیبیکی شہزادی ڈیانا کے روپ میں نظر آئیں گی۔
اداکارہ اولیویا ولیمز اور مصری اداکارخالد عبداللہ گزشتہ سیزن کی طرح اس مرتبہ بھی کمیلا پارکر بولز اور ڈوڈی الفائد کے کردار میں نظر آئیں گے۔
اس سیزن کی خاص بات یہ ہوگی کہ اس میں پہلی مرتبہ پرنس ولیم اور پرنس ہیری کی انٹری ہوگی جن کا کردار ایڈ مک وے اور لوتھر فورڈ ادا کریں گے جب کہ میگ بیلامی کیٹ مڈلٹن کا کردار نبھائیں گی۔
یہ پہلا موقع نہیں جب سیریز کے خالق پیٹر مورگن نے شہزادی ڈیانا کی وفات اور اس کے بعد ہونے والے واقعات کو اسکرین پر پیش کیا ہو۔
سن 2006 میں وہ 'دی کوئین' نامی فلم بھی تحریر کر چکے ہیں جس میں اداکارہ ہیلن میرن نے ملکہ ایلزبتھ کا کردار ادا کیا تھا اور اس کی کہانی شہزادی ڈیانا کی موت کے گرد گھومتی تھی۔
'دی کراؤن' کے فائنل سیزن کے ٹریلر میں جہاں نظر آرہا ہے کہ پریس کی بے جا مداخلت سے شہزادی ڈیانا کس طرح تنگ آئی تھیں۔ وہیں یہ بھی دکھایا گیا ہے کہ ان واقعات نے ان کے اور ان کے بچوں کے تعلق کو کیسے متاثر کیا تھا۔
ٹریلر میں شہزادی ڈیانا اور ملکہ ایلزبتھ کا ایک ایسا سین بھی ہائی لائٹ کیا گیا جس میں برطانوی ملکہ اپنی سابقہ بہو سے شکایت کرتی ہیں کہ ان کی وجہ سے ان کے گھر کا نظام درہم برہم ہوگیا۔ جس کے جواب میں ڈیانا انہیں یقین دلاتی ہے کہ ایسا کرنا ان کا مقصد نہیں تھا۔
شہزادی ڈیانا 31 اگست 1997 کو پیرس میں ایک کار حادثے میں انتقال کر گئیں تھیں۔ ان کے ساتھ ان کے بوائے فرینڈ ڈوڈی الفائد بھی اس کار میں سوار تھے جس کا پیچھا پریس فوٹوگرافرز کررہے تھے۔
تاہم پیٹر مورگن کے بقول اس سیزن میں وہ ڈیانا کے آخری ایام کی تو عکاسی کررہے ہیں لیکن ان کے کار حادثے کی منظر کشی نہیں کریں گے۔ ایسا کرنے کا فیصلہ انہوں نے بہت پہلے ہی کرلیا تھا۔
امکان ہے کہ اس سیزن کے دوسرے حصے میں ملکہ برطانیہ کی والدہ اور ان کی بہن مارگریٹ کی اموات اور ان کے شاہی خاندان پر اثر پر بھی بات ہو گی ۔
فورم