رسائی کے لنکس

’موبائل ایپس‘ کا استعمال زیادہ، استعمال کرنے کا دورانیہ کم ۔۔۔


اس تحقیق سے یہ معلوم ہوا کہ صارفین میں موبائل ایپ استعمال کرنے میں 26٪ کمی کا رجحان دیکھا گیا۔

ایک حالیہ تحقیق کے مطابق موبائل فون استعمال کرنے والے صارفین اب ’موبائل ایپس‘ پر کم وقت صرف کرتے ہیں۔

ایک اندازے کے مطابق رواں برس موبائل فونز اور ٹیبلیٹس (چھوٹے کمپیوٹرز) پر 70 ارب سے زائد موبائل ایپس ڈاؤن لوڈ کی جائیں گی۔

مگر دوسری جانب موبائل فونز اور ٹیبلیٹ کمپیوٹرز پر ڈیٹا کی ڈاؤن لوڈنگ کا حساب رکھنے والی کمپنی اے بی آئی ریسرچ کی جانب سے کی گئی ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ ’موبائیل ایپس‘ استعمال کرنے والے صارفین کی طرف سے موبائل ایپ پر استعمال کیے جانے والے وقت میں کمی کا رجحان دیکھا گیا ہے۔

موبائل فونز اور ٹیبلیٹ کمپیوٹرز پر ڈیٹا کی ڈاؤن لوڈنگ کا حساب رکھنے والی کمپنی ’لوکیلیٹکس‘ کے چیف ایگزیکیٹیو راج اگروال کا کہنا ہے کہ، ’لوگ موبائل ایپ استعمال کرنے کے لیے یوں تو خاصا وقت لگاتے ہیں مگر موبائل ایپ استعمال کرنے کے دورانیے میں خاطر خواہ کمی دیکھی گئی ہے۔‘

اس تحقیق میں ایک سال کے دوران 100 ملین آئی فونز، اینڈروائڈز اور ونڈوز فونز پر ڈاؤن لوڈ کی جانے والی 500 نئی موبائل ایپس کا تجزیہ کیا گیا۔

اس تحقیق سے یہ معلوم ہوا کہ صارفین میں موبائل ایپ استعمال کرنے میں 26٪ کمی کا رجحان دیکھا گیا۔ لیکن انہوں نے موبائل ایپس 39٪ زیادہ کھولیں۔

راج اگروال کا یہ بھی کہنا تھا کہ بہت سی خود کار موبائل ایپس، موبائل فونز پر مختلف پیغامات چھوڑتی ہیں جیسا کہ موسم بتانے والی موبائل ایپس جو آپ کو پیشگی اطلاع دیتی ہیں کہ ’طوفان آنے والا ہے‘ یا پھر یہ کہ ’آج کا دن بہت گرم ہوگا۔‘

راج اگروال کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس تحقیق میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ سوشل میڈیا ایپس کے استعمال میں پہلے کے مقابلے میں زیادتی کا رجحان دیکھا گیا۔ ان کے الفاظ، ’سوشل نیٹ ورکنگ کی ایپس وہ موبائل ایپس ہیں جس میں وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ تیزی کا رجحان دیکھا گیا ہے۔ لوگ ان ایپس پر وقتاً فوقتاً جاتے ہیں مگر ان کا اوسط وقت جو وہ ان ایپس پر گزارتے ہیں، خاصا کم ہے۔‘
XS
SM
MD
LG