رسائی کے لنکس

گوانتانامو کی بندش کی تجویز زیرِ غور نہیں، امریکہ


فائل
فائل

'وہائٹ ہاؤس' کے ایک ترجمان کے مطابق اوباما انتظامیہ کانگریس کی جانب سے عائد پابندی کو ارکانِ کانگریس کی حمایت سے ہی ختم کرنے کی خواہش مند ہے

امریکہ نے ان اطلاعات کی تردید کی ہے کہ صدر براک اوباما کانگریس کے خواہشات کے برخلاف خلیجِ گوانتانامو کے حراستی مرکز کو بند کرنے کے لیے صدارتی اختیارات استعمال کرنے پر غور کر رہے ہیں۔

سے قبل امریکی اخبار 'وال اسٹریٹ جنرل' نے بعض امریکی حکام کے حوالے سے دعویٰ کیا تھا کہ امریکی کانگریس کی جانب سے گوانتانامو کے قیدیوں کو امریکہ منتقل کرنے پر عائد پابندی غیر موثر بنا کر حراستی مرکز کو بند کرنے کے لیے 'وہائٹ ہاؤس' مختلف تجاویز پر غور کر رہا ہے۔

اخبار کی خبر پر تبصرہ کرتے ہوئے 'وہائٹ ہاؤس' کی 'نیشنل سکیورٹی کونسل' کی ترجمان کیٹیلن ہیڈن نے کہا ہے کہ 2009ء میں برسرِ اقتدار آنے کے بعد سے صدر براک اوباما کی حکومت گوانتانامو کے حراستی مرکز کو بند کرنے کے لیے تمام ممکنہ طریقوں پر غور کرتی رہی ہے لیکن وہائٹ ہاؤس اس بارے میں موجود قانون کو غیر موثر بنانے کی کسی تجویز پر غور نہیں کر رہا۔

ترجمان نے کہا ہے کہ اوباما انتظامیہ گوانتانامو میں موجود قیدیوں کی دوسری جیلوں میں منتقلی پر کام جاری رکھے ہوئے ہے اور اس کا کانگریس سے مطالبہ ہے کہ وہ اس ضمن میں عائد اپنی پابندیاں اٹھائے۔

کیوبا میں قائم گوانتانامو کے حراستی مرکز کا خاتمہ صدر براک اوباما کی انتخابی مہم کا ایک مرکزی نعرہ تھا جہاں دنیا بھر کے مشتبہ افراد کو بغیر کسی قانونی کارروائی کے برسوں تک قید رکھنے کو کئی حلقے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی اور امریکی معاشرے کے اصولوں کے منافی قرار دیتے ہیں۔

تاہم صدر اوباما کی جانب سے گوانتانامو میں موجود قیدیوں کی امریکی جیلوں میں منتقلی اور قید خانے کی مستقل بندش سے متعلق ابتدائی اقدامات اٹھانے کے بعد امریکی کانگریس نے ایک قانون منظور کرلیا تھا جس کے تحت ان قیدیوں کی امریکی سرزمین پر منتقلی پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

'وہائٹ ہاؤس' کو اس پابندی پر سخت اعتراض رہا ہے جس کے باعث گوانتانامو کی بندش کا صدر اوباما کا انتخابی مہم کا وعدہ پورا نہیں ہوسکا ہے۔

'وہائٹ ہاؤس' کے ایک ترجمان کے مطابق اوباما انتظامیہ کانگریس کی جانب سے عائد پابندی کو ارکانِ کانگریس کی حمایت سے ہی ختم کرنے کی خواہش مند ہے اور اس بارے میں کوئی دوسرا راستہ اختیار کرنے پر غور نہیں کر رہی۔

امریکی کانگریس میں ری پبلکن ارکان بالخصوص گوانتانامو کی بندش کے خلاف ہیں جہاں اب بھی ڈیڑھ سو سے زائد قیدی موجود ہیں۔

ری پبلکن ارکان کا موقف ہے کہ امریکی قوانین کے دائرہ اختیار سے باہر یہ قید خانہ بین الاقوامی دہشت گردی کے مقابلے کے لیے انتہائی اہم ہے اور اس کی بندش اور وہاں موجود خطرناک قیدیوں کو امریکی جیلوں میں منتقل کرنا ایک خطرناک اور قومی سلامتی کے منافی قدم ہوگا۔

XS
SM
MD
LG