رسائی کے لنکس

'زیادہ شکر کا استعمال موٹاپے اور دانتوں کی خرابی کا باعث'


عالمی ادارہ ِصحت کی ایک رپورٹ کے مطابق، 1980ءکے بعد سے دنیا بھر میں موٹاپے کی شرح میں دو گنا اضافہ دیکھا گیا ہے

عالمی ادارہ ِصحت نے متنبہ کیا ہے کہ خوراک میں ضرورت سے زیادہ شکر کا استعمال نہ صرف موٹاپے بلکہ دانتوں کی خرابی کے علاوہ دیگر کئی امراض کا بھی سبب بن سکتا ہے۔

اقوام ِمتحدہ کے صحت سے متعلق ادارے نے نئی ہدایات جاری کی ہیں جن کی رو سے بڑوں اور بچوں کو اپنی روزمرہ خوراک میں سے شکر کا 10 فیصد کم کرنا چاہیئے، تاکہ وہ مستقبل میں کئی طبی مسائل سے بچ سکیں۔

گذشتہ کئی سالوں سے ایسی اشیا کی فروخت میں، جس میں شکر کی مقدار زیادہ ہو، تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ ایسی چیزوں میں ’گلوکوز‘، ’فرکٹوز‘ اور ’چینی‘ شامل ہے۔ مگر روزمرہ کی خوراک میں زیادہ شکر کے باعث لوگوں کی صحت کو نقصان پہنچا ہے اور اس کے برے نتائج سامنے آئے ہیں۔

عالمی ادارہ ِصحت کے مطابق، 1980ء کے بعد سے دنیا بھر میں موٹاپے کی شرح میں دو گنا اضافہ دیکھا گیا ہے۔

عالمی ادارہ ِصحت کا کہنا ہے کہ 2014ء میں 18 برس یا اس سے بڑی عمر کے 1.9 ارب افراد کا وزن ان کے نارمل وزن سے زیادہ تھا، جبکہ ان میں سے چھ سو ملین افراد زیادہ موٹاپے کا شکار تھے۔

2013ء میں جمع کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق پانچ سال یا اس سے کم عمر کے 42 ملین بچے موٹاپے یا شدید موٹاپے کا شکار تھے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ اس حوالے سے آگہی بڑھائی جائے اور یہ شعور اجاگر کیا جائے کہ زیادہ شکر والی غذاؤں کے استعمال سے کن کن مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ خوراک میں شکر کی مقدار کم کرکے نہ صرف موٹاپے سے بچاؤ ممکن ہے بلکہ دانت بھی صحتمند رہتے ہیں۔

عالمی ادارہ ِصحت کے مطابق کاربونیٹڈ ڈرنکس یا سوڈے میں شکر کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے۔ سوڈے کے ایک کین میں 10 ٹی سپون شکر موجود ہوتی ہے جو انسان کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔ مگر ماہرین یہ بھی کہتے ہیں کہ دودھ، پھلوں اور سبزیوں میں موجود شکر انسان کے لیے نقصان دہ نہیں ہے۔

XS
SM
MD
LG