|
امریکہ میں ہر سال ستمبر کے پہلے پیر کو وفاقی اور بیشتر نجی اداروں میں عام تعطیل ہوتی ہے۔ امریکی شہری اس طویل ویک اینڈ میں سیر و تفریح، شاپنگ اور دعوتوں کا اہتمام کرتے ہیں۔ لیکن اس تعطیل کے تانے بانے 19 ویں صدی میں چلنے والی مزدوروں کے حقوق کی تحریک سے ہے۔
'لیبر ڈے' پر مزدوروں کی خدمات کا اعتراف اور امریکی معیشت میں ان کے کردار کو سراہا جاتا ہے۔ لیکن بہت سے امریکی اسے موسم گرما کے اختتام کی خوشی میں بھی مناتے ہیں۔
اس روز امریکہ میں عام تعطیل کیوں ہوتی ہے؟
انیسویں صدی میں صنعتی انقلاب اپنے عروج پر تھا اور بہت سے امریکی ہفتے کے ساتوں روز 12، 12 گھنٹے نامساعد حالات میں کام کرنے پر مجبور تھے جب کہ اُجرت بھی کم تھی۔
اس دور میں بچے بھی کارخانوں میں کام کرتے تھے جب کہ ملازمین کو بیمار ہونے پر بھی چھٹی نہیں ملتی تھی اور نہ ہی دیگر تعطیلات کا رُجحان تھا۔ اس کے علاوہ صحت کی سہولیات بھی میسر نہیں تھیں۔
اس دوران مزدور یونینز منظم ہوئیں اور اُنہوں نے ورکرز کو مناسب اُجرت، اوقاتِ کار میں تبدیلی اور صحت سمیت دیگر سہولیات دینے کے لیے احتجاج شروع کیا۔
اس کے بعد امریکی ریاستوں نے یکے بعد دیگرے مزدوروں کو سہولیات دینے کے لیے قانون سازی کی۔
مزدوروں کے لیے آٹھ گھنٹے ڈیوٹی، ہفتہ وار دو تعطیلات جب کہ صحت سمیت دیگر سہولیات فراہم کرنے کے لیے بھی قانون سازی کی گئی۔
امریکی کانگریس نے 28 جون 1894 کو باقاعدہ طور پر ہر سال ستمبر کے پہلے ہفتے مزدوروں کی خدمات کے اعتراف میں 'لیبر ڈے' کی تعطیل کی منظوری دی۔
یومِ مئی اور لیبر ڈے میں کیا فرق ہے؟
دنیا کے کئی صنعتی ممالک میں یکم مئی کو مزدوروں کے عالمی دن کے طور پر منایا جاتا ہے لیکن یہ دن منانے کا تعلق امریکہ میں پیش آنے والے واقعات سے ہے۔
مئی 1886 میں شکاگو میں مزدوروں کے حقوق کے لیے ہونے والے ایک مظاہرے کے دوران بم دھماکہ ہوا جس میں سات پولیس اہلکاروں سمیت 11 افراد ہلاک ہوئے۔
اس واقعے پر عالمی سطح پر بھی ردِعمل سامنے آیا اور دُنیا بھر میں اس روز مزدوروں نے اس دن کی یاد میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع کر دیا۔
امریکی یوم مئی کیوں نہیں مناتے؟
شکاگو میں پیش آنے والے اس واقعے کے بعد امریکہ میں مزدور یونینز کے خلاف ایک مہم کا آغاز ہوا۔
مئی میں ہونے والے مظاہروں کو انتہائی بائیں بازو کی سیاسی تحریک کے طور پر دیکھا جانے لگا جب کہ ستمبر کے پہلے سوموار کو منائے جانے والے 'لیبر ڈے' کو مقامی اور ریاستی حکومتوں کی سرپرستی حاصل رہی۔
بعدازاں جب امریکہ میں یہ بحث چھڑی کہ مزدوروں کی خدمات کے اعتراف میں کس روز تعطیل دی جائے تو مئی کے بجائے ستمبر کے پہلے سوموار کا انتخاب کیا گیا
لیبر ڈے کی تعطیل امریکی کس طرح مناتے ہیں؟
امریکہ میں ستمبر کے پہلے سوموار کی اس تعطیل کو ایک طویل ویک اینڈ کے طور پر منایا جاتا ہے۔
بہت سے امریکی اسے گرمیوں کے اختتام کی خوشی میں تین روزہ تعطیلات ملنے پر پارکس اور ساحلوں پر جانے کو ترجیح دیتے ہیں۔ بہت سے امریکی گھرانے اس روز گھر کے باغیچے میں اہلِ خانہ اور دوستوں کے ہمراہ خصوصی پکوان تیار کرتے ہیں۔
اس روز کاروباری مراکز میں سیل لگائی جاتی ہے۔ خاص طور پر قالین، کپڑے اور اسکولز میں استعمال ہونے والی اشیا پر خصوصی رعایت دی جاتی ہے۔
امریکہ میں وفاقی اداروں میں اس روز مکمل تعطیل ہوتی ہے جب کہ بہت سے نجی ادارے بھی اس روز بند ہوتے ہیں۔ تاہم خدمات فراہم کرنے والی سروسز جیسے ٹرانسپورٹ، اسٹورز، ریستوران معمول سے زیادہ وقت تک کھلے رہتے ہیں۔