رسائی کے لنکس

پاکستان کے مختلف علاقوں میں بارشوں سے تباہی، کم از کم 24 افراد ہلاک


پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا سمیت ملک کے مختلف حصوں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جب کہ مختلف حادثات میں 24 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔

سب سے زیادہ جانی نقصان بلوچستان کے ضلع شیرانی میں ہوا ہے جہاں ندی نالوں میں آنے والی طغیانی کے باعث درجنوں مکانات منہدم ہو گئے جس کے نتیجے میں 21 افراد ہلاک ہوئے ہیں ۔ ہلاک ہونے والوں میں زیارت سے تعلق رکھنے والے ایک ہی خاندان کے تین افراد بھی شامل ہیں۔

خیبر پختونخوا میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے پرونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے منگل کی صبح ایک بیان میں بتایا کہ بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں چھ افراد ہلاک اور سات زخمی ہوئے ہیں۔

بیان کے مطابق پشاور، اپر دیر، کرک اور شانگلہ میں چند مکانات کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔

'پی ڈی ایم اے' کے حکام نے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو امدادی کارروائیاں تیز کرنے اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطوں کی ہدایت کی ہے۔

بیان کے مطابق 'پی ڈی ایم اے' نے 15 جولائی کو تمام اضلاع کو مراسلہ جاری کیا تھا جس میں بارشوں کی پیش گوئی اور پیشگی حفاظتی اقدامات کی ہدایات جاری کی گئی تھیں۔

اس سے پہلے گزشتہ ہفتے ہونے والی بارشوں کے نتیجے میں خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں مختلف حادثات میں 10 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

بجلی کا نظام درہم برہم

مون سون کی حالیہ بارشوں کے نتیجے میں خیبر پختونخوا کے کئی علاقوں میں بجلی کا نظام متاثر ہوا ہے۔

پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) کے مطابق خیبر پختونخوا میں مجموعی طور پر 240 فیڈرز سے بجلی کی فراہمی کا سلسلہ متاثر ہوا ہے جس میں سب سے زیادہ 63 پشاور کے خیبر سرکل میں واقع ہیں۔

دیگر واقعات میں خیبر پختونخوا کے علاقے دیر بالا میں ایک کار دریا میں گرنے سے دو افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

پنجاب میں بھی مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری

لاہور شہر میں پیر کی شب سے بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں اب تک 99 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے۔

لاہور میں بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے جب کہ کئی علاقوں میں بجلی کا نظام بھی متاثر ہوا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ آئندہ چند روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

XS
SM
MD
LG