لین دین میں ادائیگیوں کی سہولت فراہم کرنے والی امریکی کمپنی پے پال نے کہا ہے کہ اس نےوکی لیکس ویب سائٹ کے لیے اپنی خدمات مستقل بنیادوں پر بند کردی ہیں کیونکہ اس نے کمپنی کی پالیسی کی خلاف ورزی کی ہے۔
پے پال کا کہناہے کہ کمپنی کی پالیسی اپنی خدمات کے کسی ایسے استعمال سے منع کرتی ہے جس سے غیر قانونی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی حوصلہ افزائی ہوتی ہو۔
پے پال ان کئی کمپنیوں میں سے ایک ہے جن کے ذریعے وکی لیکس کو اپنی سرگرمیوں کے لیے رقوم مہیا ہوتی تھیں۔
وکی لیکس کے ساتھ اپنے رابطے منقطع کرنے والی کمپنیوں میں پے پال تازہ ترین ہے جوانٹر نیٹ کے ذریعے سرمائے کی ادائیگیوں کی خدمات فراہم کرتی ہے۔وکی لیکس کو ان دنوں خفیہ معلومات چرانے اور انہیں مشتہر کرنے پر تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہاہے۔
امریکہ میں قائم دو ویب سائٹ کمپنیوں EveryDNS.net اور Amazon.com نے پچھلے ہفتے وکی لیکس کو اپنی فہرست سے خارج کردیاتھا۔
وکی لیکس کو اب دو یورپی کمپنیاں ویب سائٹ کی سہولت فراہم کررہی ہیں لیکن ان دونوں کمپنیوں پر سیاسی دباؤ میں مسلسل اضافہ ہورہاہے۔
فرانس کے وزیر صنعت ایرک بسون نے جمعے کے روز کہا تھا کہ فرانسیسی کمپنیوں کے لیے یہ قابل قبول نہیں ہوگا کہ وہ وکی لیکس کو ویب سائٹ کی سہولت فراہم کریں۔